شہ سرخیاں
Home / پاکستان / قدرتی گیس، سی این جی مہنگی ہوگئی

قدرتی گیس، سی این جی مہنگی ہوگئی

پاکستان میں تیل اور گیس کے نگراں ادارے اوگرا نے گھریلو اور صنعتی صارفین کے لیے قدرتی گیس اورگاڑیوں میں استعمال ہونے والے سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا جن کے تحت گھریلو صارفین کے اخراجات تقریباً چودہ فیصد بڑھ جائیں گے۔

سی این جی کی قیمتوں میں ترمیم کے بعد اب یکم جنوری سے، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پوٹھوہار ریجن میں سی این جی کی فی کلو گرام قیمت، چوہتر روپے تیس پیسے جبکہ صوبہ پنجاب اور سندھ میں سی این جی کی فی کلو گرام قیمت، انہتر روپے باسٹھ پیسے ہو گی۔

پاکستان میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی قدرتی گیس کی قلت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد مختلف صنعتوں کو گیس کی سپلائی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی گئی ہے۔

ملک میں گیس کی قلت کی وجہ سے بڑی تعداد میں گھریلو صارفین بھی متاثر ہوئے ہیں اور اس کے خلاف فیصل آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔

سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ترجمانکے مطابق پنجاب کی تمام صنعتوں کو گیس کی سپلائی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی گئی ہے اور اس بات کا امکان موجود ہے کہ جنوری میں سی این جی سٹیشنز بھی بند کر دیے جائیں۔

دوسری جانب پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں کارخانوں کے مالکان اور مزدوروں کا احتجاج جاری ہے۔

جمعرات کو فیصل آباد موٹر وے پر ٹریفک روکی گئی تھی جبکہ جمعہ کو کھرڑیانوالہ روڈ بلاک کی گئی۔ اس موقع پر ایک مزدور نے خود پر تیل چھڑک کر خودسوزی کی کوشش کی لیکن دیگر مظاہرین نے آگ بجھا کر اسے مرنے سے بچا لیا۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ رانا عارف توصیف کا کہنا ہے کہ گیس نہ ملنے سے صنعتیں بند ہوگئی ہیں اور ملک کو سوا ارب ڈالر ماہانہ زرمبادلہ کا نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف فیصل آباد میں دس لاکھ مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کی تین روزہ بندش جاری ہے جبکہ کراچی اور سندھ میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہو چکی ہے۔

گیس کی قلت کا سب سے زیادہ نشانہ گھریلو صارفین بن رہے ہیں۔ عام شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی پیشگی نوٹس کے بغیر کئی کئی گھنٹے گیس بند رہتی ہےاور جب آتی ہے تو پریشر نہ ہونے کےبرابر ہوتا ہے۔

دریں اثناء لاہور چیمبر آف کامرس نے احتجاج کی مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لیے صنعتکاروں اور تاجروں کی گول میز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے جبکہ فیصل آباد کے صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ وہ مزدروں کو ساتھ لیکر موجودہ حکومت کی گیس پالیسی کے خلاف فیصل آباد سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کریں گے۔

x

Check Also

لاہور:اسپتال میں جگہ نہ ملنے پررکشے میں بچے کا جنم

لاہور(مانیٹرنگ سیل) پنجاب میں ایک اور ماں نے اسپتال کے باہر رکشے ...

Connect!