شہ سرخیاں
Home / علاقائی / کراچی: حکومت اور اداروں میں تصادم نہیں ہونا چاہیے۔ جمیل احمد پراچہ

کراچی: حکومت اور اداروں میں تصادم نہیں ہونا چاہیے۔ جمیل احمد پراچہ

کراچی(نامہ نگار) آل کراچی تاجر اتحاد کے نائب چیئرمین اور اولڈ سٹی ٹریڈرز الائنس کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا ہے کہ حکومت ، اداروں اور افواج کے درمیان بحران کا حل نہ نکلا اور تصادم کی کیفیت کا جلد خاتمہ نہ کیا گیا تو کراچی سمیت ملک بھر میں تاریخ کا بدترین معاشی بحران برپا ہوجائے گا۔ پاک افواج، عدلیہ اور حکمران اپنے اپنے آئینی دائرے میں رہ کر اس ملک کو بچانے کیلئے اقدامات کریں بصورت دیگر ملک کے 18 کروڑ عوام اور باالخصوص تاجر برادری چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب اپنی نظریں لگانے پر مجبور ہوگی۔ جمعہ کو کراچی کی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنی کرسیوں کو بچانے اور عدلیہ ان حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کرنے میں لگی ہوئی ہے جبکہ نام نہاد اپوزیشن بھی اقتدار کی بھوکی نظر آرہی ہے لیکن کوئی بھی اس ملک کی 18 کروڑ عوام کی جانب نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری موجودہ بحران میں روزانہ ڈیڑھ سے دوب ارب روپے کا خسارہ برداشت کرنے پر مجبور ہے اور کراچی کی تجارتی سرگرمیاں موجودہ بحرانوں کے باعث 20 سے 30 فیصد تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کی بندش سے اب تک ہزاروں گھروں کے چولہے بند ہوچکے ہیں اگر صورتحال یہی رہی تو کراچی میں بے روزگاری کا جو سونامی آئے گا اسے سیاسی جماعتوں کی سونامی اور زلزلے بھی نہ روک سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کا معاشی دیوالیہ کرکے اسے آخری حد تک پہنچادیا ہے اور اپوزیشن جماعتیں صرف اپنے مفادات پر ہی آوازیں بلندکررہی ہیں۔ حکمرانوں کو ملک کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف اور پاک فوج ملک میں موجودہ بحرانوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اس ملک کو تباہ ہونے سے بچائیں۔

x

Check Also

ملتان : زمین پر قبضے کیخلاف احتجاج، بزرگ جوڑے پر پولیس کا انسانیت سوزتشدد

ملتان (بیورو رپورٹ) پولیس نے احتجاج کرنے والے بزرگ جوڑے سے انسانیت ...

Connect!