پاکستانتازہ ترین

حکومت اور فوج فاٹا، پاٹا اور کراچی میں دہشت گردی کیخلاف ایک ہیں‘ نوازشریف

Nawazاسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج فاٹا، پاٹا اور کراچی میں دہشت گردی کے خلاف ایک ہیں‘ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر قانون سازی ہونی چاہیے‘ شہریوں اور فوج پر حملے کرنے والوں کے لئے کو ئی گنجائش نہیں،قانون میں موجود تمام سقم دور کئے جائیں۔وہ پیر کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ملک میں امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ‘ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون بھی موجود تھے۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق قانون سازی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایات دیں کہ دہشت گردوں کے حوالے سے جو بھی قانون میں ترامیم لائی جائیں یا نئی قانون سازی کے کام کو جلد از جلد نمٹایا جائے انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں اور مسلح افواج پر حملے کرنے والوں کیلئے قانون میں کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی ایسے قوانین میں کوئی سقم ہونا چاہئے کہ مجرم بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف موثر قانونی کارروائی کی جانی چاہیے، دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی اختیارکی جائے گی۔ کراچی اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی نے قبائلی علاقوں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ حالات قابو میں ہیں اور دہشت گردوں و عسکریت پسندوں کو پھلنے پھولنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
error: Content is Protected!!