
کراچی (مانیٹرنگ سیل)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کاملک ہے جس پر دوفیصد مراعات یافتہ طبقہ نے قبضہ کررکھا ہے ، ایم کیوایم انشاء اللہ ملک بھرکے مظلوم عوام کے ساتھ مل کر مراعات یافتہ طبقہ کی حکمرانی سے پاکستان کو آزادکرائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روزلندن میں ایم کیوایم یوتھ ونگ کے تحت اے پی ایم ایس او کے 37 ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجتماع میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدرد پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں الطاف حسین نے تقریب کے شرکاء کو اے پی ایم ایس او کے 37ویں یوم تاسیس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم برطانیہ یوتھ ونگ بہت بڑااورمثبت انقلابی کردارادا کررہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا دنیا کی کوئی بھی طاقت ایم کیوایم کو ختم نہیں کرسکتی اور انشاء اللہ ایم کیوایم سے جو ٹکرائے گا وہ خود پاش پاش ہوجائے گا۔الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں صحیح معنوں میں جمہوریت اسی وقت آئے گی جب پاکستانی عوام چیف آف آرمی اسٹاف کے بجائے منتخب وزیراعظم کا نام جانیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے دشمن عناصر الطاف حسین کی تقریرسے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کوگرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہا ہے ۔ رینجرز نے ایم کیوایم کے تمام سیکٹراوریونٹ آفس بند کرادیئے ہیں لیکن اس طرح ایم کیوایم کو ختم نہیں کیاجاسکتا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے سینئرڈپٹی کنوینرندیم نصرت، رابطہ کمیٹی کے ارکان محمدانور، ڈاکٹرسلیم دانش یوتھ ونگ کی انچارج حبادانش، یوتھ ونگ کی کمیٹی کے ارکان ایمان انور، کنورواسع نے خطاب کیا۔ جبکہ رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفےٰ عزیزآبادی اورقاسم علی رضانے نظمیں پیش کیں جبکہ زنیرالدین نے ترانہ پیش کیا۔ تلاوت قرآن مجید صیان خانزادہ نے کی۔