تازہ ترینعلاقائی

جنر ل کیانی کا کیریئر 42 برس اور تین ماہ پر محیط رہا

army chiefراولپنڈی(سٹاف رپورٹر) سبکدوش ہو نے والے آ رمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کیریئر 42 برس اور تین ماہ پر محیط رہا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی 20 اپریل 1952 کو منگھوٹ ضلع گوجر خان میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ملٹری کالج جہلم سے حاصل کی۔ 29 اگست 1971 کو بلوچ رجمنٹ کی ففتھ بٹالین میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ شامل ہوئے۔ فوج میں ان کی شمولیت کے 3 ماہ 4 دن بعد پاک بھارت جنگ چھڑ گئی اور پاکستان کا مشرقی بازو جدا ہوکر بنگلہ دیش بن گیا۔ جنرل کیانی نے 1988 سے 1990 کے دوران اس وقت کی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ملٹری سیکرٹری کے فرائض بھی انجام دیئے۔کمانڈ اینڈاسٹاف کالج کوئٹہ اورجنرل اسٹاف کالج لیونورتھ امریکا سے فارغ التحصیل جنرل کیانی کو 2000ء میں ڈائریکٹریٹ جنرل آف ملٹری آپریشنز کا ڈائریکٹر بنادیا گیا۔2001 میں بطور ڈی جی ایم او جنرل کیانی کے دور میں پاکستانی اور بھارتی افواج کے درمیان تنازع پیدا ہوا۔ستمبر 2003میں لیفٹیننٹ جنرل بنے اور راولپنڈی کور کی کمان سنبھالی۔اکتوبر 2004 میں انہیں آئی ایس آئی کا سربراہ بنادیا گیا۔اکتوبر 2007 میں فوراسٹارجنرل کے عہدے پر ترقی پاکر وائس چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 28 نومبر 2007 کو جنرل پرویز مشرف کی جگہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا۔ 24 جولائی 2010 کو مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع دی گئی۔گراں قدر خدمات پر جنرل اشفاق پرویز کیانی کو کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ ان میں امریکی آرمڈ فورسز کی جانب سے لیجن آف میرٹ ، اسپین کی جانب سے گرینڈ کراس آف ملٹری میرٹ ایوارڈ ، جبکہ پاکستان میں نشان امتیاز (ملٹری) اور ہلال امتیاز شامل ہیں۔ امریکی جریدے فوربس نے 2011 میں جنرل کیانی کو دنیا کی سو طاقت ور ترین شخصیات کی فہرست میں 34 ویں نمبر پر جگہ دی جبکہ 2012 میں اس فہرست میں ان کا نام 28 ویں نمبر پر تھا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button