سیالکوٹ ﴿بیوروچیف﴾پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما /رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ زرداری اور گیلانی جیسے کرپٹ ٹولے سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ پوری قوم متحد ہوکر ان کے خلاف سڑکوں پر نکلے اور معاملات اپنے ہاتھ میں لے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی ملک کی اشرافیہ میں شرافت ختم ہوجاتی ہے تو ایسے ہی کرپٹ اور ناہل حکمران قوم پر مسلط ہوجاتے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے آج شام پاکستان مسلم لیگ ن سیالکوٹ کے مرکزی رابطہ آفس سیالکوٹ میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد منشائ اللہ بٹ ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نیلسن عظیم، اراکین صوبائی اسمبلی چودھری محمد اخلاق، دیبا مرزا، نسیم ناصر خواجہ اور محمودہ سرور چیمہ، ضلعی صدر مسلم لیگ ن سیالکوٹ ادریس احمد باجوہ اور جنرل سیکرٹری شجاعت علی پاشا کے علاوہ بڑی تعداد میںپارٹی کے کارکنان موجود تھے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ موجودہ حکمران عذاب خدا وندی کی طرح عوام پر نازل ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے اور اگر اس حق کا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکل آئے تو عدلیہ آزادی کی تحریک کی طرح ایک مرتبہ پھر حکمرانوں پر لرزا طاری ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ٹولہ ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کررہاہے ۔ یہ حکمران عوام میں نفرت اور تفرقے کی بنیاد رکھ رہے ہیں اسلئے ان سے نجات ناگزیر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خدا نے کبھی اس قوم کی حالت نہیں بدلی جو اپنے حالت کو بدلنے کی کوشش نہیں کرتی۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو اپنے اعمال درست کرنے ہونگے اور اللہ کی گرفت سے ڈرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ میں نے 20سالہ سیاسی دور میں سیاست کو کبھی اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے ملک کے اربوں روپے لوٹنے والے ڈاکوؤں کے گریبان پر ہاتھ ڈالا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں میاں محمد نواز شریف کے سپاہی اور آپ کے نمائندہ کی حیثیت سے سیالکوٹ اور پورے پاکستان کے عوام کے حقوق کیلئے میڈیا پر، اسمبلی میں اور سڑکوں پر جنگ لڑ رہاہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ہر شخص تبدیلی کا آغاز اپنے آپ سے کرے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے عوام کو لڈشیڈنگ کے عذاب میں جان بوجھ کر مبتلا کردیا ہے جس کا مقصد بجلی کی مانگ بڑھا کا پیسہ لوٹنا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکمرانوں کی نیت ٹھیک ہوتی تو پاکستان کاکوئی گھر اندھیرے میں نہ ڈوبا ہوتا۔
You must be logged in to post a comment.