تازہ ترینعلاقائی

کراچی شہرکی ترقی کےلئےوفاقی حکومت ہرممکن تعاون کرےگی، آصف علی زرداری

asif_ali_zardari4کراچی (نامہ نگار) صدر آصف علی زرداری نے کراچی ڈولپمنٹ پیکج، لیاری ڈولپمنٹ پیکج اور دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے فنڈز میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی شہر کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، صدر نے حکومت سندھ کو تمام پیکجز کی گرانٹ میں ڈیڑھ ارب روپے کا فوری اضافہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں اور تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں۔ وہ جمعرات کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی صورتحال، کراچی میں ترقیاتی منصوبوں، پیپلز پارٹی کی کراچی میں تنظیم نو اور انتخابی مہم سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر جبکہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نے پارٹی امور سے متعلق صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت مکمل کررہی ہے۔ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونگے اور نگراں حکومتوں کے قیام پر تمام سیاسی قوتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کو مزید فعال کیا جائے۔ عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے اور آئندہ انتخابات کے لئے پارٹی رہنماء و کارکنان بھرپور تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حصہ لے گی۔ ارکان اسمبلی نے صدر کو کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے آگاہی فراہم کی اور اس کی راہ میں درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ کراچی ڈولپمنٹ پیکج، لیاری ڈولپمنٹ پیکج اور دیہی علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مزید ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے وفاقی حکومت بھی ہر ممکن تعاون کرے گی۔ صدر نے ہدایت کی کہ ملیر، گڈاپ، کیماڑی اور بن قاسم کے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 20 مقامات پر واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کئے جائیں اور کراچی کے دیہی علاقوں میں 4 پوسٹ گریجویٹ کالجز، 2 جنرل اسپتال، 1کارڈیک سینٹر اور 5 ووکیشنل ٹرینگ سینٹرز قائم کئے جائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت عوام ہے، ہم تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد لیاری اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے اور کراچی میں عوامی جلسوں سے بھی خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں  عام انتخابات کے انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں ، صدر مملکت آصف علی زرداری

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker