
اسلام آباد(پاک نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا بل پاس کر کے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 10 اپریل 2022 تاریخ ساز دن تھا، پہلی بار آئین و قانون کے مطابق عدم اعتماد کی قرارداد کامیاب ہوئی، آئین کے مطابق عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور آئینی حکومت وجود میں آئی، کیا کسی جماعت کو بدامنی پھیلانے کی اجازت دی جاسکتی ہے؟ صاف اور شفاف انتخابات ہمارا ہدف ہے، شفاف انتخابات کیلئے ایوان نے قانون سازی کر دی، الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا بل پاس کر کے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، ہم معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو معاہدے ستمبر 2014 میں ہونے تھے وہ دھرنے کی وجہ سے مؤخر ہوئے، کیا دوبارہ دھرنوں اور فتنہ و فساد کی ضرورت ہے ؟ تاریخ کو اگر دوبارہ دہرانے دیا گیا تو ہاتھ ملتے رہ جائیں گے، عدلیہ اور اداروں کو کس طرح بدنام کیا جا رہا ہے، کل سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہم میں سے کسی نے ایک لفظ نہیں کہا۔