پاکستانتازہ ترین

اپوزیشن نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا، حکومت کیخلاف ہر محاذ پر لڑنے کا اعلان

اسلام آباد(پاک نیوز) متحدہ اپوزیشن نے وفاقی بجٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت کیخلاف ہر محاذ پر لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جوائنٹ اپوزیشن کا بجٹ پراجلاس ہوا۔ تمام سیاسی جماعتیں بجٹ کو مسترد کرتی ہیں۔ بجٹ نے پورے پاکستان کو حکومت کے خلاف کر دیا ہے۔ کل حکومت نے پٹرولیم لیوی کا غیرقانونی نوٹی فیکشن جاری کیا اور بجٹ پاس ہونے سے پہلے ہی پٹرول کی قیمت سے زیادہ ٹیکس لگا دیا گیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس وقت حزب اختلاف مضبوط پوزیشن میں ہے۔ حکومت کو سپورٹ کرنے والے شاید اب اس طرح ساتھ نہیں ہونگے۔ قومی اور عوامی مسائل حل کرنے کیلے تحریک انصاف کی حکومت میں صلاحیت ہی موجود نہیں ہے۔ یہ قوم کی بقا کا مسئلہ ہے، اس لیے اپوزیشن کا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ شہباز شریف بیمار ہونے کے باوجود وزیراعظم عمران خان کا پسینہ نکال رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ذمہ دارانہ سیاست کر رہی ہے۔ عمران خان کا وزیراعظم ہونا ہر پاکستانی کی معیشت اور صحت کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ اہم قومی معاملات میں اب اہم کردار نظر آئے گا۔اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے کیونکہ یہی اب عوامی مشکلات کا حل ہے۔ آئینی طریقہ یہی ہے کہ نیا مینڈیٹ حاصل کیا جائے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کو رخصت کرنے کیلئے غیر آئینی نہیں بلکہ ہر آئینی آپشن استعمال کرینگے۔ بزدل حکمران اپنی انا کی تسکین کیلئے اداروں کو استعمال کر رہا ہے۔ وقت آ چکا ہے کہ ان کا حساب چکا دیا جائے۔ حکومت کے اتحادی بھی اب انھیں چھوڑتے جا رہے ہیں، ان کا آخری وقت آن پہنچا ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ بجٹ کے خلاف ہر محاذ پر لڑیں گے۔ متحدہ اپوزیشن بجٹ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائے گی۔ عمران خان جتنی دیر عہدے پر رہے گا، اتنی ہی تباہی ہوگی۔ اس سے چھٹکارے سے پاکستان کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں گیس اور بجلی کی قیمتوں کو بڑھایا جائے گا۔ مہنگائی کا طوفان عوام کیلئے ناقابل برداشت ہوگا۔ ان حالات میں توقع تھی کہ عوام کو کچھ ریلیف دیا جائے گا لیکن عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال دیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ بجٹ کے بعد مہنگائی بڑھے گی۔ میڈیا ساتھ دے، ہم نے حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

What is your opinion on this news?

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker