تازہ ترینعلاقائی

مانسہرہ کےعوام کی محبت ہمیشہ ان کےدل میں تروتازہ رہےگی، چوہدری پرویزالہیٰ

مانسہرہ(قاضی بلال سے )اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم چوہدری پرویز الہیٰ نے صوبہ ہزارہ کے قیام کو انتخابات میں مسلم لیگ ق کے امیدواروں کی کامیابی سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو دفعہ وزیراعظم بننے والے نواز شریف نے ہزارہ کے عوام کے حقوق اور قربانیوں کا سودا کیااور انہیں دھوکا دیا۔صوبہ ہزارہ ، ہزارے والوں کا حق ہے اور ان کے حقوق کے حصول کے لئے مسلم لیگ ق عوام کے شانہ بشانہ رہے گی۔ مانسہرہ کے عوام کی محبت ہمیشہ ان کے دل میں ترو تازہ رہے گی۔ ہزارہ قربانیاں دینے والے افراد کے خطے کا نام ہے۔ صوبہ ہزار ہ کے قیام کے مطالبے کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے ہزارہ کے باسیوں کی آواز پر لبیک کہا اور آئندہ بھی وہ اور ان کی پارٹی ان کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی۔ پاکستان کے قیام میں ہزارہ کا کردارمثالی ہے اور وہ بھی اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام کے لئے صوبہ ہزارہ کا قیام ممکن نہیں بنا لیتے اور صوبہ ہزارہ کے قیام کے لئے یہاں کی عوام کو انتخابات میں ان کے امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کروانا ہوگا تاکہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لئے وہ بھرپور جدوجہد کر سکیں۔ ان خیالات کے اظہار انہوں نے گذشتہ روز مانسہرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سابقہ ممبر قومی اسمبلی وضلع ناظم، مسلم لیگ ق کے رہنما سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق کے قائدین کے آباؤ اجداد سے قربانیوں کا سلسلہ جاری ہوا جو اب بھی جاری و ساری ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صوبہ ہزار ہ کے قیام کے لئے مسلم لیگ ق کے قائدین ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے عوامی حقوق کا حصول ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ بھر میں سی این جی کی بندش کے باوجود بھی عوام کا سمندر آج اپنے قائد کے استقبال کے لئے دور دراز علاقوں سے یہاں پہنچا ہے ۔2005 ؁ء کے قیامت خیز زلزلہ میں ہزارہ کے عوام کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے اس وقت کی قیادت نے بھرپور ساتھ دیا۔ زلزلہ زدگان کو چیکوں کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے ڈپٹی وزیر اعظم کی توجہ اہم اور توجہ طلب عوامی منصوبوں کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں وزیر اعظم کے مشیر سید قاسم شاہ کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا ہے۔ علاقہ کو گیس کی فراہمی کے لئے ان کابنیادی کردار کبھی بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ ان کے ادھورے منصوبوں کو امان اللہ خان جدون نے جاری رکھتے ہوئے گیس پائپ لائن بچھائی جو حکومت نہ ہونے کی وجہ سے ادھوری ہے۔ مانسہرہ کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی ، ایکسپریس وے کے منصوبے پر جلد کام کا آغاز، شاہراہ ریشم کی وسعت، مانسہرہ کے عوام کے لئے ضلع میں پاسپورٹ آفس کا قیام، ہزارہ کے اضلاع میں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے سٹورز کا قیام، کونش ویلی میں ڈگری کالج کا قیام، بالاکوٹ میں 50بیڈز کے ہسپتال کا قیام، قاسم شاہ دور میں ایئرپورٹ کے قیام کو عملی جامہ پہنانا، نیو بالاکوٹ سٹی کے منصوبہ پر جلد عملدرآمد ہزارہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ انہوں نے قرضوں کی معافی کا بھی مطالبہ کیا۔ جلسہ سے ایم پی اے قلندر خان لودھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کو آصف علی زرداری خیبر پختونخوا دے سکتے ہیں تو صوبہ ہزارہ کے عوام کے دیرینہ مطالبہ پر ان کو ان کا حق دلوانے میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم پاکستان کے مشیر سید قاسم شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ ق پاکستانی عوام کے دلوں میں بس رہی ہے۔ مختلف ادوار کے دوران قائم حکومتوں سے سب سے زیادہ مسلم لیگ ق کی حکومت دیانتدارپائی ہے ۔ زلزلہ متاثرین کی خدمت کے صلہ میں وہ مسلم لیگ ق کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز درانی نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر نوشہرہ کے عوام کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے۔ ڈیم کا قیام موجودہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور وہ اسکی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔اس موقع پر امان اللہ خان جدون نے کہا کہ ہزارہ کے لیے مسلم لیگ ق نے پہلے بھی بہت جدوجہد کی ہے ۔ عوام سب سے پہلے صوبہ ہزارہ چاہتے ہیں جس سے وہ کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے خوبصورت علاقے کے جنگلات تباہ ہورہے ہیں ۔ ڈپٹی وزیر اعظم نے علاقہ کے عوام کے نمائندگی کرنے والے سیاسی قائدین کے مطالبات پر انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق صوبہ ہزارہ کے قیام کے سلسلہ میں انتہائی سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبہ ہزارہ کا قیام مسلم لیگ ق کے امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کروانے کی صورت میں جلد ممکن ہو گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاسپورٹ آفس کا قیام، ایکسپریس وے اور نیو بالاکوٹ سٹی کے ساتھ ساتھ شاہراہ ریشم کی وسعت کے لئے کام کا جلد آغاز ہو گا۔ گیس کے مسئلہ پر وہ وزیر اعظم پاکستان سے فوری طور پر منظوری لیں گے۔ انہوں نے قرضداروں کے قرضے معاف کرنے کا یقین دلاتے ہوئے دیگر عوامی منصوبوں اور مطالبات کے جلد حل کی یقین دہانی کروائی۔

یہ بھی پڑھیں  قومی سلامتی اور دفاع ۔۔جی اوسی ملاکنڈ کاخطاب

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker