پاکستانعلاقائی

کراچی:جیل میں پیدا ہونے والے بچوں کی سفاری پارک میں سیر

کراچی ﴿نمائندہ خصوصی﴾ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید کی ہدایت پر محکمہ اسپورٹس کلچر اینڈ ریکریشن کی جانب سے پیس کونسل آف ہیومن رائٹس کے اشتراک سے جیل میں پیدا ہونے والے بچوں کو سفاری پارک کی سیر کرائی گئی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر محمد ریحان خان، ڈائریکٹر سفاری پارک سلمان شمسی اور ڈائریکٹر کلچر خورشید احمد شاہ بھی موجود تھے، پیس کونسل آف ہیومن رائٹس کے نمائندوں نے سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر ریحان خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں پیدا ہونے والے یہ بچے ناکردہ گناہوں کی سزا پارہے ہیں اور آج تک جیل کی چار دیواری سے باہر نہیں نکلے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں باہر کی دنیا سے بھی روشناس کرایا جائے تاکہ ان کو بھی دیگر بچوں کی طرح کھیل کود اور تفریح کے مواقع میسر آسکیں اس سلسلے میں ہم ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید کے شکر گزار ہیں کہ جن کی ہدایت پر آج ان بچوں کیلئے سفاری پارک میں تفریح کا اہتمام کیا گیا ہے، ہمیں امید ہے کہ شہر کے دیگر سرکاری اور سماجی ادارے بھی ان بچوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے میں مثبت کردار ادا کرینگے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران ان بچوں کی دلجوئی کیلئے ان کے ہمراہ سفاری ایریا میں گئے جہاں بچوں نے زیبرا، چیمپینزی، ہرن، اونٹ، اور دیگر جانوروں کو دیکھ کر نہایت خوشی کا اظہار کیا جبکہ ہاتھی کے بچوں کو اپنے ہاتھوں سے غذا کھلا کر پھولے نہیں سمائے بعدازاں ان بچوں کو مختلف قسم کے جھولے اور ٹرین کی سیر بھی کرائی گئی اور محکمہ کی جانب سے تحائف بھی دیئے گئے جنہیں حاصل کرکے بچے بے حد مسرور ہوئے۔ #

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button