
چونیاں(نامہ نگار) ڈی ای اوسیکنڈری قصور کاگورنمنٹ ماڈل ہائی سکول چونیاں کا دورہ، سکول کے مثالی ڈسپلن اور صفائی پر پرنسپل ملک اللہ داد کی تعریف ، ٹیچرمحمد افضل شاہین کواعلیٰ کارکردگی پر تعریفی سند دینے کا اعلان۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میاں مقصود احمدنے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول چونیاں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف کلاسوں میں طلبہ سے مختلف سوالات کئے ۔کلاس روم کی سجاوٹ اور صفائی کو خاص طور پر چیک کیا۔ اس موقع پر اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استاد طالب علم کیلئے رول ماڈل ہے ۔پاکستان کے طلبہ میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے ۔ ان میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔موجودہ دور میں طالب علم پر فوکس کیا گیا ہے۔ پاکستان میں تعلیمی انقلاب برپا کرنے کیلئے اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ طلبہ پر انفرادی توجہ کی بدولت ان میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں ۔انکی تعلیمی بہتری کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ ہم سب کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔طلبہ اپنی تمام توجہ حصول علم کی طرف مرکوز کردیں۔حلال روزی کمانے والا اللہ کا دوست ہے۔ہم پیغمبری پیشے سے منسلک ہیں اور ہمیں اپنا مقام پہچاننا چاہئے۔اگر استاد نیت کر لے توناممکن کو ممکن بنا سکتا ہے۔پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے اساتذہ کو اپنا مثالی کردار ادا کرنا چاہئے۔