
مظفرگڑھ(مانیٹرنگ سیل)مظفرگڑھ میں جنسی زیادتی کا شکار خاتون نے مقدمہ درج نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر خود کو آگ لگادی۔ متاثرہ خاتون اسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی۔ اوباش پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے خاتون نے ایف آئی آر درج نہ ہونے پر خود کو آگ لگادی۔ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال ملتان منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔ خاتون کے لواحقین الزام عائد کیا ہے کہ پولیس ملزمان کو بچا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف واقعہ کا نوٹس لیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ جس کے بعد پولیس حکام نےایس ایچ او بلال کو معطل کرکے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم سب انسپیکٹر نور حسین ڈکھنہ اور کانسٹیبل قیوم دستی کو گرفتار کرلیا، جبکہ پولیس کے مطابق تیسرے ملزم کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔