تازہ ترینعلاقائی

سیالکوٹ:سرجیکل انڈسٹری ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ کمارہی ہے

سیالکوٹ  ﴿بیورو رپورٹ﴾  ڈسٹرکٹ  کوآرڈی نیشن  آفیسر  سیالکوٹ  زاہد  سلیم    گوندل   نے  کہا  ہے کہ  ضلع سیالکوٹ کی سرجیکل انڈسٹری 260ملین ڈالر کی ایکسپورٹ کرکے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ کما رہی ہے ۔ حکومت سیالکوٹ کے سرجیکل انسٹرومنٹ کے مینو فیکچررز ، ایکسپورٹر اور ہنرمندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات بھی کررہی ہے ۔ انہوں نے یہ بات آج دی سرجیکل انسٹرومنٹ مینوفیکچرر ایسوسی ایشن پاکستان کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ قائم مقام چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن سید ظفر یاب علی شاہ، سابق چیئرمین حاجی اکرام چودھری اور حاجی سرفراز کے علاوہ بڑی تعداد اراکین بھی موجود تھے۔ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے کہا کہ اس وقت ضلع سیالکوٹ میں کئی ایک میگا پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں جن میں گوجرانوالہ سیالکوٹ روڈ کی دورویہ تعمیر، ایسٹرن بائی پاس کی تعمیر ، خواجہ صفدر میڈیکل کالج کی عمارت کی تعمیر اور خواتین یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے قابل ذکر ہیں اور ان منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کیلئے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے ۔ ڈی سی او سیالکوٹ نے شہر کی میں صفائی کے نظام کے بہتر بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ترکی کے شہر الکیسری کے ساتھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے کا معاہدہ سائن کیا گیاہے۔ اس معاہدہ کے تحت شہر سے کوڑے کو اٹھا کر ری سائیکل کیا جائے گااور اسی کوڑا سے اتنی مقدار میں گیس تیار کی جائے گی کہ شہریوں کی ضرورت کیلئے کافی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح الکیسری شہر کے ساتھ اربن پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ ڈی سی او سیالکوٹ نے سرجیکل مینوفیکچرر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایسے آلات تیار کررہے ہیں جو انسانیت کی بہتری اور بھلائی کیلئے ہے اوریہ خدمت کسی صدقہ جاریہ سے کم نہیں۔ انہوں نے سرجیکل ایسوسی ایشن کے ممبران پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ملک پاکستان کی تعمیر ترقی کیلئے اپنی ذاتی مفاد کو پس پشت ڈالتے ہوئے قومی اور ملی سوچ کے تحت پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کو مل کرجدوجہد کرنا ہوگی تاکہ اس ملک خداداد کو حقیقی معنوں میں ترقیافتہ فلاحی ریاست بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ میں بطور ڈی سی او سیالکوٹ قانون اور اخلاقی دائرے میں رہتے ہوئے سیالکوٹ شہر کے باسیوں اور آپ کی بھلائی کیلئے ہر ممکن کوششیںجاری رکھونگا۔ انہوں نے کہاکہ خدمت ہی وہ چیز ہے جو انسان کی عزت اور تکریم میں اضافہ کرسکتی ہے ۔ انہوں نے صنعت کاروں کو یقین دلایاکہ میرا اور آپ کا رشتہ تعمیری ہوگا جس کا مقصد صرف ملکی ترقی ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس شہر میں سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس اتھارٹی کے قیام کے بعد یقینا شہریوں کو بہترین میونسپل سہولیات میسر آئیں گی ۔قبل ازیں قائم مقام چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن سید ظفر یاب علی شاہ نے مہمان خصوصی ڈی سی او سیالکوٹ کے اعزاز میں سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاکہ وہ سابق ڈی سی او سیالکوٹ مجاہد شیر دل کی طرح عوامی مسائل کے حل کیلئے بلاامتیاز اپنے فرائض منصبی عوام کے فلاح و بہبود کیلئے انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سرجیکل انسٹرومنٹ کی اس سال ایکسپورٹ300ملین ڈالر ہونے کی امید ہے اور اس انڈسٹری براہ راست ساڑھے پانچ لاکھ لوگ وابستہ ہیں ۔ کیونکہ یہ انڈسٹری کاٹیج انڈسٹری ہے اس لئے اربن ایریا سائیٹ پلان کے نوٹیفکیشن 2007ئ کی وجہ سے کاٹیج انڈسٹری بُری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔جس پر ڈی سی او سیالکوٹ زاہد سلیم گوندل نے انہیں یقین دلایاکہ وہ جلد اس نوٹیفکیشن کا از سر نو جائزہ لیں گے۔ بعد ازاں سرجیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے چوہدری محمد اکرام نے ڈی سی او سیالکوٹ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں  ورلڈ کپ،پاکستان کی بدترین کارکردگی،150رنز سے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker