پاکستانتازہ ترین

راولپنڈی:70 سے زائد افراد کی لاشیں نکال لی گئیں،سی ڈے اے ذرائع

اسلام آباد﴿بیورو رپورٹ﴾ راولپنڈی میں کورال چوک کے قریب نجی ائر لائن بھوجا کا مسافر طیارہ بوئنگ 373 فلائٹ نمبر4213 گر کر تباہ، طیارے میں 126 مسافر سوار تھے، عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے کی جگہ پر چاروں اطراف لاشیں پڑی ہوئی ہیں۔ سی ڈے اے ذرائع کے مطابق جہاز کے ملبے سے 70 سے زائد افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں تاحال لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ بھوجا ائر لائنز کی پرواز بی فور ون پانچ بجکر پانچ منٹ پر کراچی سے فضا میں بلند ہوئی۔ طیارے نے چھ بجکر پچاس منٹ پر راولپنڈی لینڈ کرنا تھا اسے اترنے کی اجازت بھی مل گئی تھی لیکن دس منٹ پہلے اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا اور طیارہ اسلام آباد ائر پورٹ کے قریب کورال کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ گرنے سے کئی گھروں میں آگ لگ گئی جبکہ جہاز کا ملبہ اور لاشیں دور تک پھیل گئیں۔ طیارے میں نو بچے بھی سوار تھے۔ حادثے کے وقت تیز بارش ہو رہی تھی۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کام شروع کر دیا۔ اسلام آباد ائرپورٹ پر اپنے پیاروں کو لینے کے لیے آنے والے افراد دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ کراچی ائر پورٹ بھی یہی مناظر دیکھنے میں آئے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک کے مطابق گرنے سے پہلے جہاز کے پروں میں آگ لگی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے طیارے پر بجلی گری ہو تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ صدر زرداری ،وزیراعظم گیلانی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button