تازہ ترینعلاقائی

قصور:ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ’’ہارٹ میلہ 2013ء ‘‘کا انعقاد کیا گیا

Dقصور ( حافظ جاویدالرحمن سے )معاشرے میں روز بروز بڑھتے ہوئے دل کے امراض کو کم کرنے اور عوام میں بذریعہ احتیاطی تدابیر اور طرز زندگی میں تبدیلی بارے آگاہی دینے کی غرض سے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور میں ’’ہارٹ میلہ 2013ء ‘‘کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں ڈی سی او قصور محمد احسن وحید ‘ایم پی اے شگفتہ شیخ ‘وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے صحت قصور افضال حسین زین ‘ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سلیم الرحمن ‘ایم ایس ڈاکٹر رانا وقار صادق ‘اے ایم ایس ڈاکٹر رضوان‘ڈسٹرکٹ کارڈیالوجسٹ قصور ڈاکٹر غلام شبیر یزدانی ‘ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالشکور ‘ڈاکٹر محمد خالد ‘لاہور سے کارڈیالوجسٹس ‘ڈاکٹرز ‘لیڈی ڈاکٹرز ‘نرسزاور سٹاف نرسوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب میں ڈاکٹرز نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے دل کے امراض کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ ورزش نہ کرنے‘آسان اور سہل زندگی گزارنے کی عادت ‘ڈپریشن اور ٹینشن آجکل اوائل عمر ی میں ہارٹ اٹیک کا سبب بن رہے ہیں ۔ ہم لوگوں نے سخت کام کرنے چھوڑ دیئے ہیں ‘پیدل چلنا چھوڑ دیا ہے اور کسی ٹینشن کو ختم کرنے کیلئے سیگریٹ نوشی کا استعمال نوجوانوں میں دل کی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے ہمیں چاہیے کہ اپنی شوگر ‘بلڈ پریشر ‘کولیسٹرول کو چیک کرواتے رہیں اور انہیں ہر صورت نارمل رکھیں ۔ تیز مصالحہ مرچ والی چیزیں ‘مرغن غذاؤں سے پرہیز ‘فاسٹ فوڈ سے پرہیز ‘روزانہ ہلکی ورزش یا واک ہمیں کم عمری میں بلڈ پریشر اور ہارٹ کی بیماریوں سے بچا سکتی ہے ۔ ڈسٹرکٹ کارڈیالوجسٹ قصور ڈاکٹر غلام شبیر یزدانی نے کہا کہ 40سال سے اوپر کے افراد کو روزانہ آدھی ڈسپرین کھانی چاہیے ۔ ایم ایس ڈاکٹر رانا وقار صادق نے کہا کہ ضلع میں اس وقت دو کارڈیک سنٹر ہیں ایک قصور اور دوسرا چونیاں میں ہے جو کہ ضلع کی عوام کی سہولت کیلئے پنجاب حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ایم پی اے شگفتہ شیخ نے بتایا کہ انکی کاوش سے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری مل چکی ہے اور جلد ہی 20کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک جاری ہو جائیگا اس سے ہسپتال کی حالت مزید بہتر ہو گی اور ڈائیلسز یونٹ میں ڈاکٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوجائیگا۔ وزیر اعلی کے معاون افضال حسین زین نے کہا کہ صحت اور تعلیم ہمارے قائد میاں محمد شہبازشریف کا فوکس ہے ہم انکے اس وژن کو آگے بڑھائیں گے اور انشاء اللہ قصور میں ایک میڈیکل کالج کی بنیاد رکھیں گے اور تعلیم اور صحت کے میدان میں پیچھے نہیں رہیں گے ۔ ڈی سی او قصور محمد احسن وحید نے اس موقع پر کہا کہ ہارٹ میلہ عوام کو آگاہی دینے کا ایک اچھا ذریعہ ہے اگر لوگوں کو آگاہی دی جائے کہ سادہ غذا ‘روزانہ کی ورزش ‘سادہ طرز زندگی اپنا کر اور سیگریٹ نوشی اور فاسٹ فوڈ سے پرہیز کر کے ہم دل اور اس سے متعلق بیماریوں سے بچ سکتے ہیں تو ہمارے عوام اس بیماری سے دیر تک محفوظ رہ سکتے ہیں اور اپنی زندگی کو بھرپور طریقے سے گزار سکتے ہیں ۔ آخر میں ای ڈی او ہیلتھ نے ڈی سی او کو شیلڈ پیش کی اور تمام نرسز ‘ہیڈ نرسز کو انکی خدمات کے پیش نظر کیش پرائز اور سوئینرز دیئے گئے

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button