کھیل

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی ایک نئی کرن انگلش کرکٹ کلب لیشنگ دورئہ پاکستان پرآمادہ

اسلام آباد ﴿نمائندہ سپورٹس﴾ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورئہ پاکستان کے حوالے سے ممکنہ انکار کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی ایک نئی امید جاگ اٹھی۔ انگلش کرکٹ کلب لیشنگ دورئہ پاکستان کے لئے تیار ہو گیا جبکہ برطانوی یونیورسٹیز آئندہ ماہ پاکستان آئے گی۔ کلب کے چیف ڈیوڈ فولب نے کہا ہے کہ اس دورے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو جلد از جلد فیصلہ کرنا ہوگا۔ لیشنگ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔ کلب کے چیف ڈیوڈ فولب نے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیم پاکستان لانا چاہتے ہیں اس ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے جو 24 اپریل سے شروع ہوگا اس لئے دورے کے حوالے سے پاکستان کو جلد حکمت عملی بنانا ہوگی۔ اس کلب میں دنیائے کرکٹ کے کئی نامور کھلاڑی حصہ لیتے ہیں ان میں سچن ٹنڈولکر، مرلی دھرن، برائن لارا، ویوین رچرڈز، وسیم اکرم، ایلن ڈونلڈ نمایاں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ انتخاب عالم اور سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے متوقع انکارکے پیش نظر انگلش کلب سے مذاکرات کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو بھاری معاوضے پر پاکستان لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انگلش کلب اپریل میں دورہ پاکستان طے ہونے کی صورت میں دو ون ڈے میچز کھیلے گی۔علاوہ ازیں برطانوی یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ٹیم قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی انڈر19 الیون کے خلاف ون ڈے میچز کھیلے گی۔ مہمان ٹیم12 اپریل کو لاہور پہنچے گی۔ 14 اور 16 اپریل کو دن کی روشنی میں دونوں ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹیم18 اپریل تک لاہور میں قیام کرے گی۔ پی سی بی کے مطابق یونیورسٹی ٹیم کی قیادت کمال عالم کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ول ہڈسن، جیمز کوسٹوریز، ول کوسٹوریز ہارو، برینڈن میکرچر، ممتاز حبیب، میکس ویل میک السٹر، جیمز آرہارو، اسپنر کارویلی، رابرٹ گلیمور، پال رزل، سیموئیل آوٹرم، جیمز ویلک، شمائل خان، عمیر جاوید شامل ہیں

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker