تازہ ترینعلاقائی

فیصل آباد:زرعی یونیورسٹی ڈے کیئرسنٹرمیں سپیشل بچوں کی تربیت کاآغاز

فیصل آباد ﴿بیورو پاکستان﴾ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈے کیئر سنٹر میں پری سکولنگ کے ساتھ ساتھ سپیشل بچوں کی تربیت کا آغاز کر دیا گیاہے تاکہ ایسے بچوں کو ضروری تربیت اور ان میں ابلاغیاتی مہارتیں پیدا کرکے انہیں ذمہ دار اور مفید شہری بنایا جا سکے۔ زرعی یونیورسٹی ملک کی پہلی درسگاہ ہے جس نے ساڑھے تین سال قبل ملازمت پیشہ خواتین کیلئے ڈے کیئر سنٹر قائم کرکے ایک نئی مثال پیداکی تھی جسے ازاں بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن نے تمام جامعات کا لازمی جزو بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹراقرار احمد خاں نے ڈے کیئر سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کہیں۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ ڈے کیئر سنٹر کو سوشل سائنسز کے محققین اور ہوم اکنامکس کی طالبات کیلئے ایک لیبارٹری کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ ڈے کیئر سنٹر کے اُمور کو بطریق احسن آگے بڑھانے کیلئے بااختیار مینجمنٹ کمیٹی بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے سنٹر کیلئے صاحبان حیثیت کی معاونت کو سراہتے ہوئے یہاں شام کے اوقات میں لیڈیز کلب بنانے کی تجویز دیتے ہوئے بتایا کہ یہاں بچوں کو گھرجیسے ماحول میں پھولوں کی طرح رکھا جاتا ہے اور ان کی ذہنی‘ جسمانی اور اخلاقی تربیت کی جاتی ہے۔قبل ازیں ڈے کیئر سنٹر کی انچارج ڈاکٹر مہر النسائ نے بتایا کہ سنٹر کے ذریعے ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جبکہ بچوں کو سپیشل ایجوکیشن سمیت پری سکولنگ کے ساتھ ساتھ انہیں سپیچ تھراپی بھی سیکھائی جاتی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ سنٹر پر 15سپیشل بچے زیرتربیت ہیں جبکہ دوسرے بچوں کی تعداد 50سے تجاوز کر چکی ہے۔تقریب میں سنٹر کے بچوں نے مختلف آٹیمز بھی پیش کئے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button