
کراچی (نامہ نگار) سانحہ بلدیہ کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا نے اعتراف جرم کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان میں کہا کہ فیکٹری کو آگ بھتہ نہ دینے پر لگائی گئی۔ زبیر چریا اور ساتھیوں نے کیمیکل چھڑک کر فیکٹری کو نذرآتش کیا۔ حماد صدیقی کے حکم پر چریا کو کیمیکل کے پیکٹ فراہم کیے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا نے اعتراف جرم کرلیا۔ عدالت نے رحمان بھولا کے اعترافی بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ڈسٹرکٹ ویسٹ کی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو پیش کیا گیا۔ ملزم نے عدالت میں اپنا جرم قبول کرتے ہوئے اعترافی بیان ریکارڈ کروایا۔ رحمان بھولا کے اعترافی بیان کے مطابق کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کے حکم پر ملزم زبیر چریا کو کیمیکل کے پیکٹ فراہم کئے۔ زبیر چریا نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فیکٹری کو کیمیکل چھڑک کر آگ لگائی۔ فیکٹری کو بھتہ نہ دینے پر آگ لگائی گئی۔ عدالت نے رحمان بھولا کے اعترافی بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ بلدیہ فیکٹری آتشزدگی واقعے میں ڈھائی سو سے زائد افراد زندہ جل گئے تھے۔