اسلام آباد(بیوروچیف سے) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا گیا، سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کی کاپی بھی الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئی۔ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کیلئے ریفرنس آفتاب احمد باجوہ ایڈوکیٹ نے دائر کیا ہے۔ ریفرنس میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سزا کے بعد وزیر اعظم نااہل ہو چکے ہیں لہٰذا انہیں فوری طور کام کرنے سے روکا جائے اور قومی اسمبلی کو ہدایت کی جائے کہ وہ نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے۔ آفتاب احمد باجوہ ایڈوکیٹ کا موٴقف ہے کہ توہین عدالت کیس میں عدالت عظمٰی کے تفصیلی فیصلے کے مطابق کوئی بھی شہری وزیراعظم کی نااہلی کے لئے ریفرنس دائر کر سکتا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کی کاپی بھی موصول ہو گئی ہے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے تفصیلی فیصلے کی نقول الیکشن کمیشن کے علاوہ ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس، چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر قومی اسمبلی، پارلیمنٹ، کابینہ ڈویژن، نیب اور ہائی کورٹس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بھی بھیجی گئی ہیں۔
You must be logged in to post a comment.