پاکستان

سیالکوٹ:پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے،گورنرپنجاب سردارمحمد لطیف کھوسہ

سیالکوٹ﴿بیورو رپورٹ﴾گورنر پنجاب سردار محمد لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور اس پارٹی کا منشور عوام کی خوشیوں کی خاطر جینا اور مرنا ہے یہی وجہ ہے کہ قائد ایوان ذوالفقار علی بھٹو سولی پر چڑ ھ گئے لیکن باطل قوتوں کے سامنے سر کو نہیں جھکایا۔ یہ بات انہوں نے آج ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے حلقہ انتخاب این اے 111کے موضع کوبے چک میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر، وفاقی وزیر پوسٹل سروسز سردار عمر، وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈی جی بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام پنجاب محمد شاہد اسلم ، اراکین صوبائی اسمبلی طاہر محمود ہندلی اورڈاکٹر تنویرالاسلام رانا، طاہر اختر اعوان کے علاوہ ہزاروںپارٹی ورکرز بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے نیوکلیئر پرواگرام ، 1973ئ کا آئین اور مسلم امہ کو متحد کرکے ان کو نیا تشخص دیا جبکہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دیکر دفاعی نظام کو مزید مستحکم کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ کون کہتا ہے کہ بھٹو مر گیا ہے ، بھٹو آج بھی زندہ ہے اور بی بی بے نظیر بھٹو بھی عوام کے اندر ایک امید طرح زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا دعوی کرنے والے جھوٹی باتیں کرتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی تبدیلی کا نشان ہے جس نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دیئے ان کو عزت وقار دیا، انہوں نے کہا کہ بہت ساری قوتیں پاکستان پیپلز پارٹی کو پیچھے دھکیلنا چاہیتں ہیں لیکن وہ چاہے کچھ بھی کرلیں سینٹ کے الیکشن اور جنرل الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا آنے والے وقت میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر طاقت بن کر ابھرے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی گلی گلی ، قریہ قریہ جائے گی اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرے گی اور کسی کو بھی عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب فرشتے ووٹ نہیں ڈال سکے گئے اور نہ ہی کوئی غیر جمہوری قوت چور دروازے سے حکومت بنا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گذشتہ 5سالوں میں عوام کو ڈلیور کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت نے اٹھاریوں اور انیسویں ترمیم کے ذریعے آئین سے ڈکٹیٹروں کا نام خارج کرکے اور آئین کی روح کو اصل شکل میں بحال کرکے اسے پووتر کردیا ہے ۔گورنر لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت میں صوبے کو مضبوط کرنے کیلئے این ایف سی ایوارڈز سمیت عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج خواتین کا عالمی دن ہے جس کے مناسبت سے آج حلقہ این اے111کے1700خواتین کی مالی معاونت کیلئے بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کے تحت34لاکھ روپے تقسیم کئے جائیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک پاکستان کا وجود مکمل نہیں ہوتا جب تک ہم اپنی ماؤں اور بہنوں کا حق ادا نہ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ میں اب تک 93کروڑ روپے کی رقوم مستحق خاندانوں کو تقسیم کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام خواتین کو طاقتور بنانے کا عملی پروگرام ہے جو کامیابی سے چل رہے ہے اور اس کی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے اس کے متوازی فوڈ سپورٹ پروگرام کرپشن کی نظر ہو کر بند پڑا ہے ۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام سے مستفید ہونے والے باضمیرعوام ووٹ ڈالتے ہوئے یہ ضرور سوچیں گئے کہ کونسی سی حکومت غریب عوام سے محبت کو عملی مظاہرہ کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھٹو ازم غریب کے اندر زندہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تیر پاکستان کے عوام کے حقوق کی ضامن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت میں آئے ہمیں کھل کر کام نہیں کرنے دیا اور روزانہ اخبارات میں ہماری حکومت کی ختم ہونے کی تاریخیں دی جاتی رہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں عدالتوں سے ڈرانے والے سن لیں ہماری اصل عدالت عوام کی عدالت ہے ، انہوں نے کہاکہ ہم نے خود کو عوام کی عدالت میں پیش کردیا ہے اب وہ چاہیں تو ہمیں جزا دیں یا سزا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کی عدلیہ نے بھٹو کو قاتل قرار دیکر پھانسی پر چڑھا دیا تھا۔ عوام نے عدالت کا وہ فیصلہ آج تک تسلیم نہیں کیا اور وہ بھٹو کو بے گناہ سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی جس عاجزی سے عدالت کے سامنے پیش ہوئے اس سے عدلیہ کی عزت میں اضافہ ہوا۔ا نہوں نے کہا کہ تاریخ میں لکھا جائے گا کہ ہم نے عدلیہ کے وقار کو بڑھایا ہے ۔انہوں نے کہ بے نظیر بھٹو کا خون اس عدلیہ کی بحالی میں شامل ہے ۔تقریب سے وفاقی وزیر پوسٹل سروسز سردار عمر، وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈی جی بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام پنجاب محمد شاہد اسلم ، رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود ہندلی، میاں منیر شہزاد، میاں فیض اور ملک محمد خان نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب سردار محمد لطیف کھوسہ اور گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے کوبے چک میں نئے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ملک وقوم کیلئے خصوصی دعا کی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں  عمران خان اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں، رانا ثنا اللہ

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker