تازہ ترینعلاقائی

گوجرانوالہ:ڈینگی کےخاتمہ کیلئے بھرپورآگاہی مہم چلائی جائے، ڈی سی او

2گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈی سی او گوجرانوالہ نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے اور تمام سرکاری محکمے ڈینگی کے خاتمہ کے لئے فعال کردار ادا کریں‘ اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے افراد کی شمولیت بھی یقینی بنائی جائے تاکہ مشترکہ کاوشوں کی بدولت ڈینگی کے خلاف جہاد کامیاب بنایا جاسکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے انسداد ڈینگی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ واک ڈی ایچ او کے دفتر سے شروع ہو کر ڈی سی او کے دفتر پر اختتام پذیر ہوئی۔واک کی قیادت ڈی سی او نجم احمد شاہ نے کی جبکہ ڈی او سی وسیم عباس‘ ای ڈی او میونسپل سروسز وحیداحمد بٹ‘ ای ڈی او فنانس طارق محمود‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر مہ جبین‘ ڈی ایچ او میونسپل سروسز ڈاکٹر احسان اسد‘ ڈی آئی او طاہر محمود‘ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر مدیحہ ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر محمد حلیم‘ سوشل ویلفیئر آفیسر زبیر احمد‘ ڈی او فنانس طارق ڈھلوں‘ محکمہ صحت ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں نے واک میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈی سی او نے کہا کہ محکمہ صحت ڈینگی کے خلاف مہم کا بھرپور طریقے سے آغاز کرے اور ڈینگی لاروا کی نشاندہی کے لئے جلد از جلد سروے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں گھر گھر جا کر گراس روٹ لیول تک ڈینگی آگاہی میسیج پہنچائیں اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی اور اس کے لاروا سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ ڈینگی پر کنٹرول ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی بیماری نہیں بلکہ ایک سماجی مسئلہ ہے اور بہترین صفائی سے ہی ڈینگی کاخاتمہ ممکن ہے۔ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر مسعود بھٹی نے ڈی سی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خاتمہ کے لئے خصوصی سروے ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں جو کہ شہری ودیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر سروے کریں گی اور لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اور لاروا کے انسداد بارے آگاہ کریں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج ٹی ایم اے وزیرآباد اور دھونکل میں بھی انسداد ڈینگی ڈے سیمینارز کااہتمام کیاگیاہے۔ واک کے اختتام پر ڈی ایچ او آفس میں انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ایک آگاہی سیمینار بھی منعقد کیاگیا جس سے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر مسعود بھٹی‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر مہ جبین اور کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مدیحہ نے بھی خطاب کیا اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔اس واک میں محکمہ صحت ‘ انفارمیشن‘ سوشل ویلفیئر ‘ آرٹس کونسل کے افسران اور اہلکاروں کے علاوہ مختلف شعبوں کے سرکردہ افراد شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button