وزیر آباد﴿نامہ نگار﴾ مسلم لیگی راہنما حامد ناصر چٹھہ نے کہا ہے کہ ﴿ن﴾ اور ﴿ ہم خیال﴾ کا اتحاد بحیثیت مسلم لیگی ہوا ہے کسی جنرل کی باقیات کے حوالے سے نہیں۔ مسلم لیگ کی کوئی بھی پالیسی متفقہ ہو گی کسی کی انفرادی پالیسی نہیں چلے گی۔ نیٹو سپلائی کے معاملے میں حکومت پیاز کھا چکی ہے اور اب جوتے کھانے کی باری ہے، میرا مستقل انتخابی حلقہ وزیر آباد ہے۔ جہاں سے الیکشن لڑوں گا، ان خیالات کا اظہار میاں محمد اکرم پہلوان کی رہائشگاہ پر ان کے والد کے انتقال پر فاتحہ خوانی کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ بعض نشستوں پر فیصلے ہو چکے ہیں جن کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ معاہدے کی شق 1-E کے تحت بعض معاملات پر فریقین میں مذاکرات کا راستہ کھلا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اتحاد سے انہیں وزیر آباد علی پور چٹھہ‘ گگھڑ پورہ میں فائدہ ہو گا لیکن جہاں ان کے مخالفین ہیں وہ آئندہ بھی مخالف ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ NA101 سے الیکشن لڑینگے ‘ اسکے علاوہ اگر اتحاد نے متفقہ طورپر فیصلہ کیا تو فیصلہ کے مطابق کسی اور حلقے سے الیکشن لڑ لوں گا لیکن آبائی حلقہ سے الیکشن ضرور لڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی طورپر پاکستان کے نو صوبے ہونے چاہئیں پنجاب کے تین اور باقی صوبوں کے دو دو ہونا چاہئیں‘ انہوں نے کہا کہ ﴿ن﴾ اور ﴿ہم خیال﴾ کے اتحاد سے دیگر مسلم لیگیوں کی اتحاد میں شامل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے دیگر دھڑوں کو بھی اتحاد میں شامل کرنے کی دعوت دی جا سکتی ہے لیکن ابھی وقت نہیں ہے۔ علاوہ ازیں ہر اس جماعت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے جو ہمارے مزاج اور پالیسی سے اتفاق رکھتی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی پالیسی متفقہ ہو گی اور کسی کی انفرادی پالیسی نہیں چل سکتی، انہوں نے نیٹو سپلائی کی بحالی کے حوالے سے کہا کہ اب حکومت کا جوتے کھانے کا وقت آگیا ہے کیونکہ پیاز وہ پہلے کھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد صورتحال خراب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی توجہ موجودہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے پر ہونی چاہیے کیونکہ ان کا رہنا قوم پر بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری وقت سے پانچ منٹ پہلے بھی الیکشن کی طرف نہیں آئینگے۔ وقت سے پہلے ا لیکشن کے کوئی آثار نہیں ہیں لیکن حکومت جتنی جلدی جائے اتنا ہی بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ہٹانے کے حوالے سے مسلم لیگی اتحاد میں ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے جو پالیسی بنے گی متفقہ ہو گی۔
You must be logged in to post a comment.