پاکستان

وزیرآباد:حکومت کے پاس مسائل سے نپٹنے کے لئے منصوبہ بندی کا فقدان ہے، حامد ناصر چٹھہ

وزیرآباد ﴿نامہ نگار﴾ مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس مسائل سے نپٹنے کے لئے منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔جو سپریم کورٹ کو نہیں مانتے وہ قانون کا نفاذ نہیں کر سکتے۔ مسلم لیگ ہم خیال نے جماعتی سیاست کو فروغ دیا اور اپنا صدر تبدیل کیا جو کوئی اور جماعت نہیں کر سکتی۔عوام اپنا حق رائے دہی سوچ سمجھ کر استعمال کریں اور ملک کی حالت بہتر کریں۔وہ مسلم لیگ ہم خیال کی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام راجہ اشتیاق اللہ خان نے کیا تھا۔   حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ پی آئی اے کے جہاز فضائوں سے زمین پر آگئے ہیں اور ٹرینون کے رش سے بچنے کیلئے بنائے گئے اوور ہیڈ برج بیکار ہو گئے ہیں۔ پی آئی اے دنیا میں باوقار سروس کے طور پر جانی جاتی تھے جس کواب کوئی اپنے ایئر پورٹس پر کھڑاہونے کی اجازت بھی نہیں دے رہا ہے جو ملک کیلئے شرمندگی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل مل لوہا بنانے کے علاوہ سب کچھ کررہی ہے۔جو ایک آدھ ٹرین چل رہی ہے وہ بھی بغیر ٹائم ٹیبل کے چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا سر براہ درست ہو گا تو ادارہ بھی مجموعی طور پر کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ بجلی پیدا کرنے والے اداروں کو ادائیگی کی جائے تو بجلی پوری پیدا ہو گی۔عوام ادائیگیاں کر رہے ہیں تو پاور کمپنیوں کو ادائیگی کیوں نہیں کی جا رہی ہے ؟انہوں نے کہا کہ سی این جی سٹیشن لگانے کی اجازت دینے سے پہلے پائپ تبدیل کرنا چاہئیں تھے جو پچاس سال پہلے لگائے گئے تھے اوراب کھپت کا دبائو برداشت کرنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے جو نااہلی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن بدن جرائم کا گراف اوپر جا رہا ہے اور قانون نام کی کوئی شے ملک میں موجود نہیں ہے۔ جو لوگ سپریم کورٹ کو نہیں مانتے وہ قانون کا نفاذ کیسے کر سکتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہم خیال نے جماعتی سیاست کو فروغ دیا اور جمہوری طریقے سے اپنا صدر بدل دیا ۔ کوئی اور جماعت ایسا کر کے دکھائے ؟ انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کے عوام نے پہلے بھی جو فیصلہ کیا تھا وہ سر آنکھوں پر اور آئندہ بھی جو فیصلہ کرینگے اس کا بھی احترام کرینگے تاہم شہری میری بھی سنیں اور اپنی بھی سنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سوچ سمجھ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور اچھے نمائندے آگے لا کر ملک کی حالت بہتر کریں۔انہوں نے کہا جمہوریت میں تمام تر ذمہ داری آخر میں عوام پر ہی آتی ہے اس لئے وہ اپنی ذمہ داری بہت طریقے سے نبھائیں۔   اس موقع پر صدر مسلم لیگ وزیرآباد چوہدری محمد یوسف، محمد آصف کلیر، راجہ اشتیاق اللہ خان، عبد الکریم بٹ اور ملک شکیل احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر درجنوں نوجوانوں نے اپنے ساتھیوں اور دوستوں سمیت حامد ناصر چٹھہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور انہیں اپنی حمائت کا یقین دلا یا۔

یہ بھی پڑھیں  رحیم یارخان :دھماکے سے متاثر ہ ریلوے ٹریک کی مرمت کرلی گئی

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker