پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم کو نااہل قرار دینے پرپی پی اور اتحادیوں کا اجلاس آج رات بلا لیا

اسلام آباد(بیوروچیف) سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیئے جانے پر پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت سرجوڑ کر بیٹھ گئی، صدر نے اتحادیوں کو بھی آج رات کو بلا لیا۔ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ چیف وہپ خورشید شاہ نے تمام ارکان پارلیمنٹ کو تین روز تک اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ایوان صدر میں ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم گیلانی اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں نئے وزیراعظم کیلئے سید خورشید شاہ، مخدوم شہاب الدین اور احمد مختار کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے پارٹی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور قیادت کے ہر فیصلے کی حمایت کا یقین دلایا۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ صدر آصف زرداری نے اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج رات طلب کر لیا۔ ادھر پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی کل چار بجے ایوان صدر میں طلب کر لیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیف وہپ سید خورشید شاہ نے تمام ارکان پارلیمنٹ کو جمعرات تک اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بھی کل بلائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق، الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی آج جاری کئے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button