پاکستانتازہ ترینفن فنکار

معروف ادیب و شاعر جمیل الدین عالی انتقال کر گئے

لاہور(نمائندہ خصوصی) جیوے جیوے پاکستان کے تخلیق کار معروف ادیب، شاعر اور مفکر جمیل الدین عالی انتقال کر گئے۔ ممتاز شاعر جناب جمیل الدین عالی انتقال کرگئے۔ اردو کے معروف شاعر، ادیب، کالم نگار اور منتظم، اصل نام مرزا جمیل الدین عالی تھا۔ وہ بیس جنوری انیس سو پچیس کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اینگلو عربک کالج دہلی سے گریجویشن کیا۔ قیام پاکستان کے بعد کراچی میں اقامت اختیار کی اور سرکاری ملازمت سے وابستہ ہوئے۔ انیس سو انسٹھ میں پاکستان رائٹرز گلڈ کے قیام میں فعال حصہ لیا اور اس کے سیکریٹری مقرر ہوئے۔ انیس سو اکسٹھ میں بابائے اردو مولوی عبدالحق کی وفات کے بعد انجمن ترقی اردو کے سیکریٹری مقرر ہوئے۔ شعری مجموعوں میں غزلیں دوہے گیت، لاحاصل، جیوے پاکستان، انسان اور کلیات اے میرے دشت سخن شامل ہیں۔ سفرنامے دنیا میرے آگے اور تماشا میرے آگے کے نام سے شائع ہوچکے ہیں۔ کالموں کے دو مجموعے صدا کر چلے اور دعا کر چلے بھی شائع ہوئے۔ حکومت پاکستان نے انہیں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کے اعزازات اور جامعہ کراچی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند عطا کی تھی۔ وہ متحدہ قومی موومنٹ کی نامزدگی پر سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہ چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button