کراچی(ڈیسک رپورٹ) کراچی کو آج پھر خون میں نہلا دیا گیا ، اولڈسٹی ایریا میں اچانک شدید فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں خاتون سمیت بارہ افرادجاں بحق اور نجی چینل کے رپورٹراورکیمرہ مین سمیت انتالیس زخمی ہوگئے ۔ ہنگامہ آرائی محبت سندھ ریلی کےموقع پرہوئی ۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد مشتعل افرادنےکئی دکانوں اور گاڑیوں کوآگ لگادی ۔ کراچی میں لیاری کے علاقے چیل چوک سےنکالی گئی محبت سندھ ریلی پریس کلب کی طرف رواں دواں تھی ۔ ریلی کا ایک حصہ جیسے ہی جونا مارکیٹ کےقریب پہنچا اطراف کے علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی ، ہر شخص اپنی جان بچانے کی فکر میں تھا ، گولیاں چلتی رہیں لوگ زخمی ہوتے رہے۔ اور ایک گھنٹے کے دوران کئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں ۔ جائے وقوعہ پر قیامت کا منظر تھا ، کوئی زخمی اپنا زخموں سے چور جسم لئے بھاگ رہا تھا تو کوئی اپنی جان بچانے کی فکر میں تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ زخمیوں کو رکشوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا ۔ جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، کوئی زخموں کے باعث چلا رہا تھا تو کوئی اپنے پیارے کیلئے نوحہ کناں تھا ،زخمیوں میں نجی ٹی وی کے رپورٹراسلم خان اور کیمرہ مین خلیل بھی شامل ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ فائرنگ سے ایس ایچ او چاکیواڑہ ادریس بنگش بھی زخمی ہوئے۔فائرنگ کے بعد مختلف علاقوں میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی ،مشتعل افراد نے کئی دکانوں اور گاڑیوں کو جلا دیا۔ متاثرہ علاقوں کے اطراف میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ لیاری لی مارکیٹ چوک،جونامارکیٹ کے اطراف میں شدید فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کےبعدبولٹن مارکیٹ،میڈیسن مارکیٹ،جوڑیا بازار،برنس روڈ،جامع کلاتھ سمیت اولڈ سٹی ایریااورصدر میں دکانیں اور کاروبار بندکردیاگیا۔مشتعل افراد نےمختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا۔ ٹائر جلائے اور نجی اور سرکاری املاک کو آگ لگادی ۔ دودرجن سے زائدگاڑیاں اورموٹرسائیکلیں جلا دی گئیں ۔ دھوبی گھاٹ کے قریب فائرنگ سےچار افراد زخمی ہوئے۔اس سے پہلے نیپئر تھانے کے قریب کریکر ، راکٹ اور دستی بم سے حملہ ہوا۔ بغدادی تھانے کے قریب بھی کریکر دھماکاکیاگیا۔ عوامی تحریک کےصدر ایازلطیف پلیجو نےفائرنگ کے واقعے کے خلاف سندھ بھر میں ہڑتال کا اعلان کیاہے ۔ فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے بعد علاقے میں رینجرز اور ایف سی کو تعینات کردیا گیا جس کے بعد حالات کنٹرول میں ہیں۔
You must be logged in to post a comment.