کراچی﴿نامہ نگار﴾ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پارلیمینٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کا قومی،آئینی فریضہ ہے کہ وہ کسی کرپٹ فرد کو وزیر اعظم نہ بننے دیں۔کرپشن سے پاک اور عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی آواز بلند کرنے والا ہی وزارت عظمیٰ کیلئے موثر ثابت ہوگا۔ملک مہنگائی ،قرضوں سمیت دہشتگردی کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے اور بجلی،گیس سمیت دیگر چیلنجز کو پورا کرنے کیلئے پارلیمینٹ میں موجود سیاسی قوتوں کے کڑے امتحان کا وقت آگیا ہے اب انہیں قومی،آئینی،جمہوری قدروں کو فروغ دیکر اور عوام کے ووٹ کے تقدس کو بام عروج پر لیجانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک کے اعلیٰ ادارے سپریم کورٹ نے اپنی آئینی وقانونی ذمہ داری پوری کر کے کرپشن کی حوصلہ شکنی کی ہے اب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپشن کے خاتمے کیلئے ایسے تمام دروازے بند کردیں جس سے مظلوم غریب عوام مصائب و آلام میں گھر جاتے ہیں۔جبکہ 2 فیصد سرمایہ دار افراد عیش وعشرت کی زندگی گزارنے میں مصروف عمل ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر لاہور،گوجرانوالہ سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے رویئے درست کریں اور عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کر کے عوام دوست پالیسیوں کو اپنائیں۔عوام مہنگائی،بے روزگاری،دہشتگردی کے ہاتھوں پریشان حال ہیں کاروبار تباہ ہوکر رہ گئے ہیں رہی سہی کسر بجلی ،گیس کی لوڈ شیڈنگ نے پوری کردی ہے جو کہ منفی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں جب ظلم حد سے بڑھتا ہے تو ختم ہو جاتا ہے اس سے پہلے کہ عوام اسلام آباد کی طرف رخ کریں بہتر ہوگا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے نہ صرف ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے بلکہ نئے وزیراعظم کیلئے ایسے فرد کو آگے لایا جائے جو ہر ممکن طور پر ملک کوبھنور سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پر عزم ہو۔#
You must be logged in to post a comment.