علاقائی

کراچی: سندھ میں امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، منظور وسان

کراچی﴿نامہ نگار﴾ صوبائی وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ سندھ میں امن وامان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ سندھ پولیس میں ساڑھے پانچ ہزار نئے اہلکارمیرٹ پربھرتی کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز اپنی رہائش گاہ پر امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی اختر حسین گورچانی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری ﴿داخلہ﴾ وسیم احمد بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور ہر پندرہ یوم بعد امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں کراچی سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور پولیس کی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔ منظور وسان نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ گزشتہ پندرہ یوم کے دوران صوبے بھر میں جرائم کی شرح میں 17 فیصد کمی آئی ہے۔ پولیس نے چھینی جانے والی 10 فیصد گاڑیاں برآمد کیں جبکہ پانچ موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئیں۔ ایسٹ زون میں 22 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے جبکہ چار کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ ایک ٹارگٹ کلر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام میں پولیس کو اہلکاروں کی نفری میں کمی کا سامنا ہے جس کیلئے صوبے بھر میں ساڑھے پانچ ہزار اہلکار بھرتی کئے جائیں گے جس پر کسی قسم کا دبائوقبول نہیںکریں گے اور یہ بھرتیاں خالصتا ً میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے موجودہ اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ہم کسی بھی طرح کراچی کا امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا، بلوچستان کی طرح سندھ کے عوام سے بھی بات چیت ہوگی، سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم پاکستان کی سالمیت اور بقا کے خلاف کام کرنے والوں سے ہر گز بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریتی بجری، لینڈ مافیا سمیت دیگر کارروائیوں کو چھوڑ کر کراچی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔

یہ بھی پڑھیں  سیالکوٹ: ڈورن حملوں کے خلاف نیٹوسپلائی بند کرکے نئی تاریخ رقم کی، سیدہ فرح اعظمی

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker