علاقائی

کراچی:لیاری میں آپریشن،درجنوںافراد زیر حراست، رینجرز بھی پہنچ گئی

کراچی(نامہ نگار) لیاری کے علاقے آٹھ چوک کے قریب مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ علاقے میں رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔ کراچی کے علاقے لیاری میں لی مارکیٹ چوک رات سے میدان جنگ بنا رہا جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہیں، مظاہرین کی جانب سے پتھراوٴ اور پیٹرول بم پھینکے گئے جبکہ پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لیاری آٹھ چوک کے قریب مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی میں ملوث 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق لیاری میں رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور رینجرز اہلکار مشینری، ٹرک، ڈمپر اور لوڈرز کے ساتھ لیاری پہنچ گئے ہیں اور علاقے کی سڑکوں پر پھیلے ملبے کو بلڈوزرز کی مدد سے ہٹایا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ علاقے میں رینجرز کی آمد پر مکینوں نے رینجرز کے حق میں نعرے لگائے ۔ اس سے قبل کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں نیا آباد،دریا آباد،لی مارکیٹ چوک،آٹھ چوک اوراطراف کے علاقوں میں پولیس کی گینگ وار اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج اور جلاوٴ گھیراوٴ کیا۔ اس دوران سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ لی مارکیٹ چوک رہا جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر پیٹرول بموں سے بھی حملے کئے، جبکہ پولیس کی جانب سے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی رہی۔ کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی پولیس مظاہرین پر قابو نہیں پاسکی کشیدہ صورتحال کے باعث علاقے کی دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پولیس نے جلاوٴ گھیراوٴ کے الزام میں بارہ سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں  کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker