علاقائی

کراچی:تاجربھتہ مافیا،ڈکیتوں اورچوروں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں،آل کراچی تاجراتحاد

کراچی ﴿نامہ نگار﴾ آل کراچی تاجر اتحاد کے وائس چئیرمین جمیل احمد پراچہ نے کراچی کی انتظامیہ اور بالخصوص امن و امان کی بحالی کے اداروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کراچی میں تاجروں کے ساتھ لوٹ مار کی روک تھام کے لئے ہنگا می بنیادوں پر اقدامات کریں، کھارادر صرافہ مارکیٹ میں 2 کروڑ سے زائد کی رہزنی انتظامیہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ کراچی کے تاجر اب کسی بھی سیاسی یا قوم پرستوں کی ہڑتال کوبرداشت نہیں کریں گے۔معاملات کو منتخب ایوانوں میں نمٹایا جائے اسے عوام پر جبری طور پر عوام پر مسلط کرنے سے باز رہا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کھارادر صرافہ مارکیٹ کے تاجروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ا س مو قع پر عبدالقادر رحمانی، اقبال لالہ، شاکر فینسی، حاجی عثمان ہاشم، عمران لالہ، حنیف لاسی، لالہ غلام نبی، قاسم شکارپوری اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ گذشتہ دو سال سے کراچی کے تاجر بھتہ مافیا، ڈکیتوں اور چوروں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں اور بالخصوص اولڈ سٹی ایریا کے ہزاروں تاجر اپنا کاروبار سمیٹ کر دیگر شہروں اور ممالک کا رخ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو صورتحال یہ ہے کہ کراچی کا کوئی تاجر ان بھتہ مافیا، ڈکیتوں اور چوروں سے محفوظ نہیں ہے اور امن و امان کی بحالی کے ادارے سب ٹھیک ہے کا راگ الاپتے نہیں تھک رہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کھارادر صرافہ مارکیٹ میں ایک دکان میں رہزنی کے دوران مذکورہ تاجر کی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کردیا گیا اور پولیس اور دیگر امن و امان کی بحالی کے ادارے تاحال ہاتھوں پر ہاتھ رکھے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے چھوٹے تاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیاں اب حد سے تجاوز کرچکیں ہیں اور اگر صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ ہوئی تو معاشی بدحالی کا سونامی حکمرانوں کو بھی بہا کر لے جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری اب کسی بھی سیاسی یا قوم پرستوں کی جانب سے ہڑتال کی کال پر اپنا کاروبار بند نہیں کرے گی کیونکہ جس معاشی بدحالی سے آج تاجر برادری گزر رہی ہے اس میں کوئی ہڑتال یا احتجاج کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں  اوکاڑا:ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن اوکاڑہ کے انتخابات میں دو گروپو ں میں مقابلہ

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker