پاکستانتازہ ترین

مظفرآباد:کشمیریوں کےحق خود ارادیت کے بارے میں کوئی دورائے نہیں،میر واعظ عمرفاروق

مظفرآباد(بشیر احمد میر)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بارے میں کوئی دورائے نہیں ہیں اور نہ ہی لائن آف کنٹرول پر خار دار تاروں کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی خوشبو کو قید کیا جا سکتا ہے۔ آر پار کے کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں طرف کی قیادت کو تسلسل کے ساتھ رابطوں کو بڑھاتے ہوئے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چائییں تاکہ آزادی کی منزل قریب سے قریب تر آسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد پہنچنے کے بعد آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان، وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حریت راہنماؤں کے وفد کے اراکین پروفیسر عبدالغنی بٹ، عباس انصاری، بلال غنی لون، مصدق عادل، مختار وازمی، آغا سید حسن الموسوی کے علاوہ سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق خان،آزاد کشمیر کے وزراء عبدالماجد خان، میاں عبدالوحید، سلیم بٹ، فرزانہ یعقوب، فیصل راٹھور، معاون خصوصی وزیراعظم کرنل (ر) محمد ضمیر خان، مشیر اطلاعات مرتضی درانی، صدارتی مشیر راجہ ساجد خان اور عنایت اللہ عارف بھی موجود تھے۔ میرواعظ عمر فاروق نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آر پار کی کشمیری قیادت سمیت عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں لیکن جموں وکشمیر کے سینے پر کھینچی گئی جبری خونی لکیر نے ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے جدا کر رکھا ہے۔ آزادی کی تحریکوں میں مصائب و مشکلات ہوتی رہتی ہیں۔ لیکن جبر اور ظلم و بربریت کے باوجود کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کی جدوجہد سے ہر گز روکا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آرپار کی دوریاں ختم کرنے کی جو شروعات کی ہیں اس سے یقیناًدوررس نتائج بر آمد ہوں گے۔ پوری دنیا میں تبدیلی کی ہوا چل رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام بھی اپنا حق خود ارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور آزاد خطہ کے عوام نے جس طرح ہمارا استقبال کیا اس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں اور اس طرح کے اقدامات آر پار کی دوریوں کو ختم کرنے میں یقیناًمددگار ثابت ہوں گے اور ان رابطوں کو آپس کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں  مظفرآباد: ن لیگ کلین سویپ کریگی، پیپلزپارٹی : مسلم کانفرنس ایک سکے کے دو رخ ہیں، سید غضنفرعلی

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker