تازہ ترینعلاقائی

جماعت اسلامی نے ضلع قصور میں الیکشن کمپین کا آغاز کر دیا

kasurبھائی پھیرو(نامہ نگار)جماعت اسلامی نے ضلع قصور کی پچاس یونین کونسلوں میں چئیرمین اور وائس چئیر مین کے نام فائنل کرکے الیکشن کمپین کا آغاز کر دیا ۔جھولیاں بھر بھر کر شیر کو کامیاب کرنے والے آئندہ بلدیاتی الیکشن میں حکمرانوں کو شکست فاش دیں گے۔حلقہ بندیوں کے عمل کو خفیہ رکھنے کے اقدامات پر انتظامیہ کے دفاتر کے باہر دھرنے دیں گے ،بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر عدلیہ کی زیر نگرانی کرانے کا مطالبہ ،نائب امیر صوبہ پنجاب وقار ندیم وڑائچ کا ضلعی سیاسی کمیٹی سے خطاب ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے نائب امیر وقار ندیم وڑائچ نے نواحی گاؤں جمبر کلاں میں امیر زون حلقہ پی پی چوہدری عرفان کے ڈیرے پر جماعت اسلامی ضلع قصور کے سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ قایم مقام امیر ضلع مسعود ظفر ایڈ ووکیٹ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے چند ہفتوں میں ہی عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیے ہیں۔کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے بڑا کشکول لیکر قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور ،،قرض اتارو ملک سنوارو،،کے نعرے لگانے والوں نے ملک کو مزید قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی،تیل ،اور گیس کی قیمتیں بار باربڑھا کر اور جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ کر کے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔لوڈشیڈنگ پہلے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے جس وجہ سے ہزاروں فیکٹریاں بند ہوجانے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔ڈرون حملوں اورخودکش حملوں میں بھی کوئی کمی نہیں آئی۔اس لیے چند ہفتے قبل جن لوگوں نے ،،شیر،،کو جھولیاں بھر بھر کر ووٹ دیے اب وہی لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر موجودہ حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے اکتا چکے ہیں اس لیے آئیندہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران پارٹی کو شکست فاش ہوگی۔بعد میں جماعت اسلامی ضلع قصور کے قائم مقام امیر مسعود ظفر نے صحافیوں کو پریس بریفنگ میں بتایاکہ جماعت اسلامی ضلع قصور کے بلدیاتی انتخابات میں زور و شور سے حصہ لے گی۔پچاس یونین کونسلوں میں چئیرمین اور وائس چئیرمین کے ناموں کی فہرست مکمل کر لی گئی ہے اور چار سو حلقوں میں ممبران کے نام بھی فائنل ہو چکے ہیں باقی تمام حلقوں میں بھی جلد ہی امیدوار وں کے نام مکمل کرکے پورے ضلع بھرکی ہر سیٹ پر اپنے امیدوار کھڑے کریں گے ۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات دوسرے صوبوں کی طرح جماعتی بنیادوں پر عدلیہ کی زیر نگرانی کرانے کا مطالبہ کیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ،،نِ،کے اشاروں پر ضلعی انتظامیہ حلقہ بندی کے عمل کو خفیہ رکھ کر قانون کی دھجیا ں اڑا رہی ہے ۔ہم ان انتظامیہ کے غیر قانونی اقدامات کو نہ صرف عدالتوں میں چیلنج کریں گے بلکہ ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنے دیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button