تازہ ترینعلاقائی

حکومت پنجاب نے کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے منصوبے بنائے ہیں،خادم حسین

قصور (بیورورپورٹ)وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ خادم حسین قصوری نے کہا ہے آئندہ الیکشن میں غریب ‘مزدور اور کسان اپنے ووٹ کی طاقت سے جاگیر داروں اور ابن الوقت سیاستدانوں کا صفایا کردینگے ‘پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کے دل جیت لئے ہیں ‘خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کسانوں کے معیار زندگی کی بہتری کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز موضع قادی ونڈ‘ناتھو والی حویلی ‘بھیڈیاں ‘مالم اور دیگر دیہاتوں کے دورہ کے دوران کسانوں سے بات کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرمسلم لیگ (ن) کسان ونگ قصور کے سینئر نائب صدر چوہدری رمضان بھٹی آف ڈھولن ‘اللہ رکھا بھٹی ‘لالہ صادق گجر ‘ملک بشیر احمد ‘خلیل احمد نمبر دار ‘غفار قصوری ‘بابو اصغر ڈوگر ایڈووکیٹ ‘ناظم علی ‘خالد محمود ملک ‘ملک صادق ‘حاجی نصیر احمد ‘حافظ ناصر ‘ملک اسلم ‘بابا حاکم علی ‘محمد عمر ‘چوہدری برکت ایڈووکیٹ اور دیگرپارٹی کارکنان بھی موجود تھے ۔ خادم قصوری نے اس موقع پر خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے ایسے منصوبے بنائے ہیں جن سے غریب کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے جس سے نہ صرف ملک میں خوشحالی آئے گی بلکہ غریب کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہو گی ۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کی طاقت سے جاگیر داروں اور ابن الوقت سیاستدانوں کا ہمیشہ کیلئے صفایا کریں اور ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی اداروں نے بھی حکومت پنجاب کے منصوبوں کی شفافیت اور غیر جانبداری کی تعریف کی ہے ۔پنجاب حکومت نے چالیس ہزار نوجوانوں کو سکالر شپ کی فراہمی ‘70ہزار اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ‘گرین ٹریکٹر زکی فراہمی اور آشیانہ ہاؤسنگ سکیم جیسے غریب نواز منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر پاکستان کی نئی تاریخ رقم کی ہے

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button