تازہ ترینعلاقائی

پھولنگر:خواجہ سراؤں کو تعلیم یافتہ،ہنرمند بنانا چاہتے ہیں،میڈم صباء گل

پھول نگر(سید ضیغم عباس سے)انڈس ہوم ویلفیئر فاونڈیشن کے سب آفس کا پھول نگر میں افتتاح کردیا گیا۔جس میں قصور بھر سے خواجہ سراء کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔سب آفس کا افتتاح انڈس ہوم اور تڑپ ویلفیئر فاونڈیشن کی مرکزی صدر میڈم صباء گل نے فیتہ کاٹ کرکیا۔ اس موقعہ پر مرکزی صدر انڈس ہوم کا کہنا تھاکہ پاکستان کے ہر شہر میں خواجہ سراء کمیونٹی کے حقوق کیلئے انکے ساتھ کھڑی ہوں۔خواجہ سراء کے ساتھ امتیازی سلوک اب برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہماری آرگنائزیشن خواجہ سراؤں کو معاشرے کا فعال شہری بنانا چاہتی ہے تاکہ وہ بھی باعزت طریقے سے روزگار یا نوکریاں کرسکیں۔ہم خواجہ سراؤں کو ہنر مند،تعلیم یافتہ بنانا چاہتے ہیں تاکہ یہ بھی ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں اور معاشرے میں اپناجائز مقام بناسکیں۔میڈم صباء گل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انڈس ہوم اور تڑپ ویلفیئر فاونڈیشن خواجہ سراؤں کی مدد نہیں کررہی بلکہ اب تک تقریبا ساڑھے تین سو کے قریب یتیم اور مستحق بچیوں کی شادیاں بھی کرواچکی ہے،ہزاروں بے گھر افراد کو بستر فراہم کرچکی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے سرکاری نوکریوں میں خواجہ سراء کمیونٹی کیلئے دو فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان ضرور کیا لیکن بدقسمتی سے آج تک حکم پر عمل درآمد نہیں ہوا،اس ساتھ ساتھ خواجہ سراؤں کو وظیفہ دینے کا وعدہ بھی حکومت وفا نہیں کرسکی۔میڈم صباء نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ خواجہ سراء کمیونٹی کو اگنور مت کیاجائے بلکہ انکی تعلیم و تربیت،روزگار کا بندوبست کیا جائے تاکہ یہ کمیونٹی بھیک مانگنے،جسم فروشی جیسے مکروہ فعل سے بچیں اور معاشرے کے اچھے شہری بن کر رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button