پاکستانتازہ ترین

حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کیخلاف کسان بورڈ پنجاب کے تحت میں ہزاروں کسان دریائے چناب کے جی ٹی روڈ کے پل پرتاریخی احتجاج کریں گے

لاہور( پ ر)کسان بورڈ وسطی پنجاب کے صدر نور الہی تتلہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کی کسان دشمن زرعی پالیسیوں ،ناقص شوگر،گندم،کاٹن ، رائس ، بجلی پالیسی اور سرکاری اداروں کی نجکاری کے خلاف کل 7اپریل بروز سوموار صبح گیارہ بجے سیالکوٹ کے نزدیک دریائے چناب کے پل پر جی ٹی روڈ پر زبردست احتجاج کیا جائے گا اور اس میں ہزاروں کسان شریک ہونگے۔جلوس کی قیادت پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن خالد راسنجھا ،ضلعی رہنماصوفی محمد ریاض اورچوہدری اشرف بوسال کریں گے ۔نور الہی تتلہ نے کہا کہ حکمرانوں اور اپوزیشن لیڈروں کی شوگر ملوں نے کسانوں کے اربوں روپے ہڑپ کر رکھے ہیں ،کسان پے منٹ لینے کیلیے شوگر ملوں ،کین کمشنر،اور مقامی انتظامیہ کے چکر لگا لگا کر حکمرانوں سے مایوس ہوکر اب لٹیری شوگر ملوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔گندم کی فصل تیار ہوکر مارکیٹ میں آگئی ہے مگر ابھی تک گندم کی امدادی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا، زرعی ٹیوب ویلوں کیلیے بجلی سستی کرکے فلیٹ ریٹ مقرر نہ کرنازرعی شعبے پر ڈرون حملے سے زیادہ خطرناک ہے۔ حکومت کی طرف سے بروقت اقدام نہ اٹھانے کی وجہ سے کاشت کاروں کا استحصال ہو رہا ہے۔حکمرانوں نے انتظامیہ کے ذریعے کم قیمت پر آلو اورسبزیاں ،پھل اور دیگر فصلیں خرید کر اب انہیں بر آمد کرکے بھاری منافع کمایا جا رہا ہے۔ظالمانہ اور بھاری جنرل سیلز ٹیکس لگا کر زرعی مداخل کو مہنگا کردیا گیا ہے۔ہندوستان سے آزادانہ تجارتاور بجلی اور گیس کی بر آمد کرکے دشمن ملک کو ہماری زراعت ،تجارت اور صنعت تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ کسان بورڈ پنجاب نے ملک بھر کے کاشت کاروں پر اس ظلم کے خلاف 7 ا پریل کو احتجاجی پروگرام ترتیب دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں پورے پنجاب کے ہنگامی دورے کرکے ملک بھر کے کسانوں اور مقامی تنظیموں کو اس احتجاج میں شامل ہونے کیلیے حرکت دے دی ہے ۔س وقت کسان طبقہ شدید مشکلات کا شکارہے ،حکمران طبقہ کی شوگرملوں ،کاٹن ملوں،رائس ملوں اور فلور ملوں نے ایکا کرکے کاشتکاروں کو لوٹنا شروع کر رکھا ہے اور حکومت ان لٹیروں کو تحفظ فراہم کرکے اور زرعی اجناس کی قیمتیں نہ بڑھا کر کسانوں کا استحصال کر رہی ہے ۔ کسان بورڈ پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جلد از جلد گنے کی پے منٹ کرائے ، گندم کی امدادی قیمتوں کا اعلان کرے ،زراعت کیلیے بجلی سستی کرے تاکہ کاشت کاروں کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کسانوں کو بھارت کے کسانوں جیسی مراعات اور سب سڈی دیے بغیر تجارت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل کے مظاہرے کے بعد بھی اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار پورے پاکستان تک پھیلا دیا جائیگا۔احتجاجی دھرنے میں مرزی صدر سردار ظفر حسین،اورضلعی عہدیداران اور ہزاروں کسان شریک ہونگے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی صدر یہاں تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button