لاہور (نامہ نگار) پنجاب میں وکلا گردی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ قانون کے رکھوالے اب خود قانون کی دھجیاں اڑانے لگے ہیں۔ عدالتوں کے احاطے میں قانون کے محافظوں کی لاقانونیت کی کہانیاں ہر خاص و عام کی زباں پر ہے۔ آج بھی لاہور سیشن کورٹ میں پیشی پر آئے سب انسپکٹر کو سیشن کورٹ کے وکلا نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ فرائض سے بے خبر طاقت کے نشے میں چور وکلا سب انسپکٹر امتیاز واہلا کو زبردستی گھسیٹ کر کمرے میں لائے اور اسے لاتوں اور ہاتھوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد کے باعث انسپکٹر کا سر اور وردی پھٹ گئی۔ سب انسپکٹر انڈسٹریل ایریا امتیاز واہلا مقدمے کے سلسلے میں سیشن کورٹ پیشی پر آئے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سیشن عدالت کے احاطے میں وکلا نے اے ایس آئی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس کی وردی پھاڑ دی تھی۔