تازہ ترینعلاقائی

امام حسین ؑ کی شجاعت اور شہادت اسلا م کاقیمتی اثاثہ ہے۔ میاں مرغوب احمد

لاہور(پریس ریلیز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنمااور ممبرقومی اسمبلی میاں مرغوب احمد نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؑ کی شجاعت اور شہادت اسلا م کاقیمتی اثاثہ ہے۔حضرت امام حسین ؑ حق کیلئے ڈٹ گئے اور باطل کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا۔حضرت امام حسین ؑ کے فلسفہ شہادت سے ہمیں یزیدیت ،آمریت،فسطائیت اورجہالت کیخلاف بغاوت کاعلم بلنداورمزاحمت کرنے کادرس ملتا ہے۔حضرت امام حسین ؑ کی شہادت کے باوجود حق نے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے باطل کوپچھاڑ دیا اوریزیدکانام ایک گالی بن کررہ گیا۔اسوہ حسینی ؑ کی پیروی اورپاسداری سے ہم بحیثیت قوم اسلام دشمن قوتوں پرغالب آسکتے ہیں۔ وہ ساندہ میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔میاں مرغوب احمد نے مزید کہا کہ یوم عاشورہ کے حوالے سے امن وآشتی کی فضا کاکریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اوران کے ٹیم ممبرزکوجاتا ہے۔انتھک میاں شہبازشریف ہرقسم کے چیلنجز سے نبردآزماہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کے دکھ سکھ سانجھے اوردشمن مشترک ہیں ،ہم اتحاد ویکجہتی کی طاقت سے اپنے اندرونی وبیرونی دشمنوں کامقابلہ کرسکتے ہیں۔حضرت امام حسین ؑ کے یذید کی بیعت سے انکار میں انسانیت کیلئے کئی ایک پیغامات پنہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ کی تعلیمات کواپنے روزہ مرہ کے معمولات کاحصہ بنائے بغیر ہم ایک اچھے مسلمان اورعمدہ انسان نہیں بن سکتے۔قدرت نے شجاعت،بصیرت اوراستقامت کاجوتاج حضرت امام حسین ؑ کے سرپرسجایا ہے وہ آج تک کسی اورمجاہد،شہیدیاغازی کے حصے میں نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین ؑ نے اپنے مقدس خون کانذرانہ دے کر اسلام کی آبیاری کی ،آپ ؑ کایہ احسان قیامت تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ یوم عاشورہ بلاشبہ تجدیدعہد کادن ہے،جہاں جہاں بھی حق کاساتھ دینے کی پاداش میں انسانوں کوآمرانہ ہتھکنڈوں ،ظلم وزیادتی ،ناانصافی اوراستحصال کانشانہ بنایا جاتا ہے وہاں حسینیت ؑ کاعلم بغاوت ضرور بلندکیا جائے ۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker