پاکستانتازہ ترین

عہدے اوریہ وزارتیں سب پیپلز پارٹی کی مرہونِ منت ہیں، لطیف کھوسہ

latif khosaلاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ نے کہا کہ یہ عہدے اور یہ وزارتیں سب پاکستان پیپلز پارٹی کی مرہونِ منت ہیں۔ لوگ آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں لیکن مضبوط نظریات پر بننے والی پارٹیاں اور اُن کے قائدین ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ مَیں پارٹی کا پہلے بھی ادنیٰ ورکر ہونے پر ناز کرتا تھا اور آج بھی ایک ادنیٰ کارکن ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ پارٹی کے قائد صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ہر وقت،ہرمقام اور ہر سطح پر ہرآول دستہ میں شامل رہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں اُن کے اعزاز میں منعقد کی گئی الوداعی تقریب میں شریک پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو، پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد کے علاوہ پیپلز پارٹی پنجاب کے مختلف اضلاح سے تعلق رکھنے والے ایم این اے،ایم پی اے ،ضلعی صدور اور پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مَیں پیپلز پارٹی کا احسان مند ہوں کہ اس کی قیادت نے مجھ جیسے کارکن پر اعتماد کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا عہدہ سونپا جسے مَیں نے نہایت ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے۔ گورنر نے کہا کہ مجھے اس سے قبل جتنے بھی عہدے دیئے گئے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی امانت تھے اور میں نے ان عہدوں پر بھی نیک نیتی اور وفاداری کے ساتھ کام کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کو میری جہاں بھی ضرورت پڑے گی اس پر لبیک کہوں گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو جو کہ پارٹی کے چیئرمین ہیں اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی تصویر ہیں اپنی والدہ محترمہ کے مشن کا آغاز 27دسمبر کو کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ میری تمام تر نیک تمنائیں بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بلاول بھٹو نوجوانوں کو ساتھ لے کر ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ کو بھر پورخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار لطیف کھوسہ پاکستان پیپلز پارٹی پرایسے نقوش چھوڑ کر جارہے ہیں کہ جسے پارٹی ہمیشہ یاد رکھی گی۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنر کھوسہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکروں کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے لئے جہاں بھی اپنی خدمات سرانجام دیں گے ان کی عزت میں کوئی فرق نہیں پڑے گا،ان کی عزت اور ان کا وقار پہلے ہی کی طرح برقرار رہے گا،اس موقع پر تقریب میں موجود تمام ایم این اے،ایم پی اے، ضلعی صدور اور پارٹی کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے کھڑے ہو کر گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ کی پیپلز پارٹی کے لئے کی گئی خدمات کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں  حکومت چاہتی ہے اس کی چوری پکڑی گئی تواب سب کو پکڑو: قمر زمان کائرہ

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker