پاکستانتازہ ترین

14اگست پر پٹرول پمپس اور موٹر وے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)حکومت نے آزادی مارچ روکنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کے تحت 14اگست پر موٹروے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ لاہور اور اسلام آباد پولیس نے بھی آزادی مارچ میں شرکاءکی تعداد کم سے کم رکھنے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت نے یوم آزادی پرلاہور،اسلام آباد جی ٹی روڈپر واقعہ تمام پٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس روز موٹر وے کو بھی عوام کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں تحریک انصاف کی ضلعی قیادت اور عوام میں اثر و رسوخ رکھنے والے ایسے عہدیداروں کی فہرستیں تیار کرنا شروع کر دی ہیں جوزیادہ سے زیادہ کارکنان کو اکٹھا کر سکتے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے عہدیداروں کی فہرستوں کے ساتھ ساتھ ان کے گھروں ،دفاتر اور روپوشی کے ممکنہ ٹھکانوں بارے بھی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ جونہی ”اوپر“ سے گرین سگنل ملے ان عہدیداروں کو حراست میں لے لیا جائے۔اسی طرح لاہور پولیس نے یوم آزادی تک تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور اہم مقامات پر خار دار تاریں ،پولیس ناکے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 14اگست پر اہم مقامات اور شاہراہوں کو بند کرنے کے لئے کنٹینرز کا استعما ل بھی کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button