پاکستانتازہ ترین

نگران وزیراعلی بلوچستان سے منور حسن کی قیادت میں وفد کی ملاقات

munawar hussainکوئٹہ (مانیٹرنگ سیئل)نگران وزیر اعلیٰ نواب غوث بخش خان باروزئی سے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن کی قیادت میں جماعت کے صوبائی عہدیداروں کے ایک وفد نے سوموار کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران صوبے کی قوم پرست جماعتوں کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اہم پیش رفت قرار دیا گیااور انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان کا یک نکاتی ایجنڈا ہے کہ صوبے میں پر امن فضاء میں صاف و شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد کیا جائے جس میں تمام جماعتیں حصہ لیں، وہ صوبے کے تمام سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ان کے تحفظات کو دور کیا جا سکے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے یہاں اعتماد کا فقدان اور برداشت کی کمی ہے سب اپنے موقف کو منوانا اور لاگو کرنا چاہتے ہیں ، ان کی کوشش ہے کہ صوبے میں اعتماد سازی کی فضاء کو فروغ ملے، آپس کی دوریاں ختم ہوں، ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور موقف سننے اور سمجھنے کا حوصلہ پیدا ہو جس سے غلط فہمیاں دور ہونگی، انہوں نے کہا کہ اگر فاصلے برقرار رہے تو ایک دوسرے کے موقف کو کبھی بھی سمجھا نہیں جا سکے گا، وزیر اعلیٰ نے معاشرے میں تشدد کے بڑھتے ہوئے رحجان کو تشویشناک قرار دیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں مختلف قوتیں کام کر رہی ہیں اور جرائم پیشہ افراد کو اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے، ہم اپنی اقدار کو بھول چکے ہیں، بہتان اور الزام تراشی کی سیاست نے ہماری روایات کو پامال کر کے رکھ دیا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک دوسرے سے سیاسی اختلاف تو ہو سکتا ہے لیکن اس میں ذاتیات نہیں ہونی چاہیے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گمشدہ افراد کا مسئلہ حساس اور پیچیدہ ہے تاہم اسے حل ہونا چاہیے، امیر جماعت اسلامی نے وزیر اعلیٰ کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی افہام و تفہیم کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں کبھی بھی ہم نے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی، دوستوں میں اضافہ ہوگا تو دشمن کم ہونگے، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انہوں نے سردار اختر مینگل کو بلوچستان کے مسئلے پر آل پارٹی کانفرنس بلانے کی تجویز دی ہے، سردار اختر مینگل کی سوچ انتہائی مثبت ہے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہار جیت معنی نہیں رکھتی انتخابات کا بروقت انعقاد اہم ہے ۔انہوں نے صوبے میں گمشدہ افراد کے مسائل کو اہم قرار دیتے ہوئے اس کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button