اسلام آباد﴿پ ر﴾ پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ عالمی مسائل کے حل کے لئے امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔ اہداف کے تعین اور بھر پور آواز کے ساتھ امت مسلمہ کی رہنمائی کر نی ہوگی اور اسلامی ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی نئی جہتیں تلاش کر نا ہوں گی ۔ترکی ترقی یافتہ مسلمان ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز خبیب فائونڈیشن کی جانب سے ترکی کے اعلیٰ سطحی وفد کے اعزاز دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عشائیہ میں خبیب فائونڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد خان، پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات م غلام مصطفی ملک،،وزارت انسانی ترقی وسائل کے کوآرڈینیٹر زبیر احمد خان اور دیگر راہنما بھی موجود تھے ۔وفد کے اراکین کو خبیب فائونڈیشن کے تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔خبیب فائونڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد خان نے بتایا کہ تعلیمی اورسماجی شعبہ میں خبیب فائونڈیشن نے گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں ، مظفر آباد، سکردو،ہری پوراور کئی دوسرے مقامات پر خبیب فائونڈیشن کے تعلیمی ادارے مستحق بچوں کی تعلیمی کفالت کر رہے ہیں ،جبکہ زلزلہ اور سیلاب میں خبیب فائونڈیشن کی خدمات سب سے زیادہ رہیں ،انہوںنے کہا کہ خدمت کا یہ سلسلہ مزید وسیع کیا جائے گا ۔عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ خبیب فائونڈیشن نے تعلیمی اور سماجی شعبے میں کلیدی کرداراداا کیا ہے اور متاثرین کی آبادکاری کے لئے سب سے زیادہ عملی اقداما ت کئے ۔ انہوںنے کہا کہ ترکی کی حکومت نے ایک بہترین طرز حکمرانی متعارف کرایا ہے اورامت مسلمہ کوہر میدان میں ایک نئی راہنمائی فراہم کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ترک بھائیوں کے تجربات سے استفادہ کر کے ترقی پذیر اسلامی ممالک بہت زیادہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام اسلامی بھائی چارے ،مذہبی ہم آہنگی اور روحانی تعلیمات میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ۔پاکستان میں مولانا رومی کو اور ترکی میں ڈاکٹر اقبال کو پسندیدہ شاعر سمجھا جاتا ہے ۔
You must be logged in to post a comment.