پاکستانتازہ ترین

سینیٹر مشاہد حسین سید متفقہ طور پر سینٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین منتخب

اسلام آباد﴿پ ر﴾: سینٹ کی دفاع اور دفاعی پیداوار کی قائمہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ،جس میں متفقہ طور پر سینیٹر مشاہد حسین سید کو سینٹ کی دفاع اور دفاعی پیداوار کی قائمہ کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ۔سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر صابر علی بلوچ نے مشاہد حسین سید کا نام تجویز کیا ،جبکہ سینیٹر مولانا محمد خان شیرانی اور سینیٹر طاہر مشہدی اور سینیٹر سحر کامران نے تائید کی ۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین اور اے این پی کے قائمقام صدر سینیٹر حاجی عدیل بھی شریک ہوئے ۔اس موقع پر نومنتخب کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے چھ سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کادفاعی معاملات پر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر قومی اتفاق رائے کو فروغ دینے کے لئے یہ ایک اچھا اور خوشگوار آغاز ہے۔انہوںنے کہا کہ دفاع اور دفاعی پیداوار کی قائمہ کمیٹی سول اور فوجی تعلقات میں ہم آہنگی اور   ’’خاکی اور مفتی ‘‘کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گی۔مشاہد حسین سید نے کہاکہ پاکستان کے علاقائی تحفظ ، قومی سلامتی اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کے لئے پاکستانی بہادر مسلح افواج کی قربانیوں اور کردار کو سراہاجانا چاہیئے ۔سینٹ کی دفاع اور دفاعی پیداوار کی کمیٹی مسلح افواج اور ملک کے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ کردار کی حفاظت کرنے کی پہلی دفاعی لائن ہو گی ۔انہوںنے کہا کہ کمیٹی کے کردار سے قومی دفاع کے اخراجات کے معاملات میں شفافیت اور دفاعی پیداوار کے کردار کو بھی فروغ ملے گا ۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ دفاعی کمیٹی کے امور کو عوامی سطح پر بھی اوپن کیا جائے گا تا کہ میڈیا ، سول سوسائٹی ،دانشور اوردفاعی ماہرین ا س میں حصہ لیکر مثبت تجاویز پیش کر سکیں ۔انہوںنے کہا کہ دفاعی پیداوارمعیشت اور خود انحصاری کی جانب پہلا قدم ہے جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا ۔ کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں پہلے اقدام کے طور پر شہدائے سیاچن کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا اور شہدائ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا کرائی گئی اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی او ر ہمدردی کا اظہار کیا۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے متفقہ انتخاب پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور قائد ایوان سینیٹر جہانگیر بدر، چیف وہپ اسلام الدین شیخ ،سیکرٹری سینیٹ افتخار اللہ بابر اور کمیٹی کے سیکرٹری امجد پرویز کے کردار اور تعاون کو بھی سراہا ۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button