پاکستان

اسلام آباد:وزیراعظم آزاد کشمیرنےسیدعلی گیلانی کی تجویز پرمظفر آباد میں یادگارشہدا کی تعمیر کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد﴿بیورو رپورٹ﴾ وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبد المجید نے کل جماعتی حریت کانفرنس ﴿گ﴾ کے چیرمین سید علی گیلانی کی تجویز پر شہدائ جموں و کشمیر کی لازوال قربانیوں ، شہادتوں کی یادیں تازہ رکھنے کے لیے مظفر آباد میں یادگار تعمیر کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے وزیر خزانہ ، چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید نے مظفر آباد میں شہدا کی یادگار تعمیر کرنے کے منصوبے کے حوالے سے سید علی گیلانی کو ایک خط روانہ کیا ہے ۔ چوہدری عبد المجید نے خط میں علی گیلانی کی طرف سے شہدائ جموں و کشمیر کی لازوال قربانیوں ، شہادتوں کی یادیں تازہ رکھنے کے لیے مظفر آباد میں یادگار تعمیر کرنے کی تجویز کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے ۔ وزیراعظم نے لکھا ہے کہ وزیر خزانہ ، چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں کمیٹی یادگار تعمیر کرنے کے لیے جگہ کا انتخاب کرنے ، ڈیزائن کی تیاری اور تعمیراتی کام کی نگرانی بھی کرے گی ۔ انشائ اللہ یہ یادگار شہدائ مغربی ممالک میں تعمیر کی جانے والی یادگاروں سے منفرد اور ممتاز ہوگی اور آنے والی نسل کو تحریک آزادی کشمیر کے شہدائ کی قربانیوں کی یاددلاتی رہے گی ۔انہوں نے لکھا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو میں آزاد کشمیر حکومت اور آزادکشمیرکے عوام کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ ان کی سیاسی ، اخلاقی و سفارتی حمایت کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر حکومت اپنے وسائل کے مطابق ہر ممکن امداد جاری رکھے گی ۔وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ حریت چیئرمین کی جانب سے کلمات خیر اور کچھ قومی معاملات کی نشاندہی کا مکتوب موصول ہوا جو میرے لیے دلی خوشی اور اطمینان کا باعث ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت ریاست جموں و کشمیر کے تمام عوام کی نمائندہ حکومت ہے اور اس حوالے سے میرا یہ قومی اور ملی فرض بھی ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں جاری جدوجہد آزادی میں قربانیاں دینے والے بھائیوں کی اس قومی کاز کے لیے قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے حکومتی سطح پر اقدامات کروں ۔ آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد میں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے تمام رہنمائوں سے مشاورت اور رہنمائی حاصل کرنے کے لیے متعدد ملاقاتیں کی ہیں اور یہ سلسلہ انشائ اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔ اہم اداروں کو بھی تحریک آزاد کشمیر کے ممتاز زعمائ کے نام سے موسوم کرنے کے لیے تجاویز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔وزیر اعظم نے علی گیلانی کو مخاطب کر کے لکھا ہے کہ آپ کی صحت و سلامتی تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے بے کس اور بے بس عوام کو آزادی دلانے کے لیے ضروری ہے ، جس کے لیے آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت دعا گو ہیں ۔آپ کی مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانے کی جدوجہد کو آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت عقیدت و احترام کی نظر سے دیکھتی ہے ۔ آپ کی شخصیت و کردار ریاست جموں و کشمیر کی نئی نسل کے لیے بھی مشعل راہ ہے ۔ ’’ روداد قفس ‘‘ در حقیقت تحریک آزادی کشمیر کی روئیداد ہے ۔ یاد رہے فروری کے اوائل میں کل جماعتی حریت کانفرنس ﴿گ﴾ کے چیرمین سید علی گیلانی نے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبد المجید کے نام ایک خط روانہ کیا تھا خط میں شہدائ جموں و کشمیر کی لازوال قربانیوں ، شہادتوں کی یادیں تازہ رکھنے کے لیے مظفر آباد میں یادگار تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی تھی ۔

یہ بھی پڑھیں  کرپٹ ترین شخص کو وزارت عظمیٰ کے منصب پر بٹھا دیا گیا، لیاقت بلوچ

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker