پاکستان

نیٹو سپلائی لائن کی بندش پر پابندی برقرار رکھے جانے کی سفارش کا قوی امکان،اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ،ذرائع

اسلام آباد ﴿بیورو رپورٹ﴾ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل ﴿منگل کی﴾ صبح گیارہ بجے ہو گا جس میں نیٹو سپلائی لائن کی بحالی، پاک امریکہ تعلقات سمیت ملکی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کی سفارشات پر غور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 3 روز تک جاری رہے گا جو ان کیمرہ رہنے کا امکان ہے۔ اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کی جانب سے تیار کی جانے والی سفارشات کمیٹی کے سربراہ سینیٹر رضا ربانی پیش کرینگے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان سفارشات میں پاکستان کی شرائط تسلیم کئے جانے تک نیٹو سپلائی لائن کی بندش پر پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ پیش کی جانے والی سفارشات میں رضا ربانی امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے نئی پالیسی سے بھی ایوان کو آگاہ کرینگے۔ 3 روزہ اجلاس میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر بحث کے لئے ہر جماعت کے پارلیمانی لیڈر کو موقع دیا جائے گا جبکہ باقی اراکین پارلیمنٹ کو بحث کا موقع دینے کا فیصلہ سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کریں گی جس کے بعد ایوان میں ایک مشترکہ قرارداد لائی جائے گی جس میں امریکہ سے تعلقات کی نئی پالیسی کی بھی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تین روزہ اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے پانچ قوانین منظوری کے لئے پیش کئے جائینگے جن میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگلی حیات کو خطرات سے بچانے، نادار افراد کو مفت قانونی امداد دینے، مضاربہ کمپنیز آرڈیننس میں ترمیم، این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی ملتان کے قیام سمیت خواتین اور بچوں کو گھریلو تشدد سے بچانے کے بل شامل ہیں جبکہ خواتین اور بچوں کو گھریلو تشدد سے بچانے کے لئے مجوزہ قانون کے تحت تمام صوبائی حکومتیں تحصیل کی سطح پر پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کریں گی۔ ذرائع نے آن لائن کو مزید بتایا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کے مابین رابطوں کا بھی آغاز ہو گیا ہے جبکہ حکومت نے بھی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کی سفارشات کی منظوری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں  لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ نئے آرمی چیف مقرر

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker