اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے میں ترمیم کافیصلہ کر لیا ہے اور امکان ہے کہ اب وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کے مطالبے کو دھاندلی کی تحقیقات تک عہدے سے دستبرداری میں بدل دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قانونی ماہرین نے اپنی رائے پیش کی۔ اجلاس میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور حامد خان شریک ہوئے جنہوں نے رائے دی کہ آئین میں گنجائش موجود ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات ہونے تک وزیراعظم نواز شریف عہدے سے دستبردار ہو جائیں اور دھاندلی ثابت نہ ہونے پر دوبارہ عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے اس نکتہ پر اتفاق کرتے ہوئے مطالبے کو ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے پہلے مطالبے میں ترمیم کافیصلہ تو ضرور ہو گیا ہے تاہم مطالبات کی ترتیب میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءنعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم دھاندلی کی تحقیقات ہونے تک رخصت پر جا سکتے ہیں، وزیراعظم کے رخصت پر جانے کی آئین میں گنجائش ہے، حامد خان سے کور کمیٹی اجلاس میں قانونی مشاورت کر لی ہے، امید ہے آج حکومتی وفد سے ملاقات ہو جائے گی۔ دوسری جانب عارف علوی کا کہنا ہے کہ کوئی لچک نہیں دکھائی، وزیراعظم نواز شریف کو استعفیٰ دینا ہو گا، نعیم الحق کا بیان کور کمیٹی کا فیصلہ نہیں،ہمارے دھرنے پورے ملک میں پھیل رہے ہیں، مطالبات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کا دورازہ پھر کھل گیا ہے۔