پاکستانتازہ ترین

اقتدارمیں آئے تولوڈشیڈنگ کی مت مار دیں گے اور انقلاب برپا کریں گے،نواز شریف

nawaz sharifسرگودھا(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج لوڈشیڈنگ نے عوام کی مت مار دی ہے ہم اقتدار میں آئے تو لوڈشیڈنگ کی مت مار دیں گے اور انقلاب برپا کریں گے اور ملک کو ایشیئن ٹائیگر بنانے کا خواب پورا کریں گے،زرداری نے پانچ سال برباد کر دیئے اگر وہ دن میں دو گھنٹے قوم کو دے دیتے تو آج قوم کی یہ حالت نہ ہوتی،ہمیں دو دو سال کی باریاں ملیں،پانچ پانچ سال ملتے تو پتہ نہیں کیا کر دیتے، ایٹمی دھماکوں کا بٹن دبانے والے وزیراعظم کو ہتھکڑی لگا دی گئی،اقتدار کی کوئی ہوس یا لالچ نہیں،قوم کی حالت بدلنے اور امن قائم کرنے کی لالچ ہے۔بدھ کویہاں ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ،کراچی اےئرپورٹ ہم نے دو دو سال کے عرصہ میں بنائے،مہلت ملتی تو سرگودھا میں بھی ائرپورٹ بن جاتا،مرحلہ وار کام کر رہے تھے سرگودھا والوں کو لاہور جانے کیلئے پاپڑ بیلنے پڑتے تھے،اب موٹروے سے لاہور اسلام آباد اور پشاور چلے جاتے ہیں،ایک دن آنا تھا کہ موٹروے سرگودھا پہنچتی،انشاء اللہ آپ(ن) لیگ کی حکومت لائیں گے تو یہ سارے کام ہوں گے،یقین ہے یہاں(ن)لیگ کی حکومت آئے گی،موٹروے آئے گی،بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا،نوجوان تو سارے ادھر ہیں،کچھ لوگ کہیں اور ڈھونڈ رہے ہیں،مجھے یقین ہے کہ آپ کا مسلم لیگ(ن) پر جو اعتماد ہے وہ اس پر پورا اترے گی اور پاکستان کو تبدیل کرکے رکھ دے گی، ہم نے پہلے بھی تبدیلی کی تھی ہمارے زمانے میں تبدیلی آئی،انقلاب برپا کریں گے،انقلاب نوجوانوں نے میرے ساتھ مل کرلانا ہے،میرے قدم سے قدم ملانا ہے،ہاتھوں میں ہاتھ ڈالنے ہیں پھر دیکھو انقلاب کیسے اور کتنی جلدی آتا ہے،آپ کے گھروں میں روشنی کے چراغ جلیں گے،ہم لوڈشیڈنگ ختم کرتیں گے،زرداری لوڈشیڈنگ کو ڈنڈے مارتے تو اندھیرے نہ ہوتے،مشرف نے یہ اندھیرے دئیے،زرداری نے پانچ سال برباد کردئیے،زرداری نے قوم کودن میں دو گھنٹے دئیے ہوتے تو آج ملک میں امن ہوتا،بدامنی،بیروزگاری،غربت کا خاتمہ ہوگیا ہوتا،پاکستان ترقی یافتہ ملک ہوتا،ہم وہ ہیں جو انشاء اللہ پاکستان کے لئے جو کر گئے ہیں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،ہمارے آنے سے پہلے کہیں موٹروے نہیں تھا،کہیں ییلو کیب نہ تھی،غازی بروتھا چشمہ نیوکلےئر پلانٹ نہیں تھا،انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ملک میں روپیہ مضبوط تھا،ہم نے بھارت کے پانچ دھماکوں کا جواب چھ ایٹمی دھماکوں سے دیا،اچھے کارنامے کبھی مت بھولو،لوگ سپرپاور کو جھک کر سلام کرتے ہیں،ہم نے بھیک نہیں مانگی،ہم نے بھیک ٹھکرا دی اور کہا کہ پاکستان کی غیرت کا سودا کوئی نہیں کرسکتا،آج پی آئی اے کا کیا حال ہے،سٹیل مل،ریلوے اور باقی اداروں کا کیا حال ہے،بے حساب قرض میں قوم دبی ہوئی ہے،ہم نے بھیک مانگ کر موٹروے نہیں بنائی،قوم کے زور بازو سے سارے منصوبے بنائے،اس پالیسی کو جاری رکھیں گے،کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے،یہ خوددار قومیں ہوتی ہے،ہمارا ریکارڈ لکھا ہوا ہے،اگر پانچ پانچ سال ملتے تو پتہ نہیں کیا کچھ کرگئے ہوتے،آج پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہوتا،پاکستان ایک زمانہ میں خطے کا سب سے ترقیاتی ملک تھا،ہمارا روپیہ سب سے مضبوط تھا،آج افسوس ہمارا روپیہ سب سے زیادہ کمزور ہے،ہماراایشےئن ٹائیگر بننے کا خواب ادھورا ہے،اقتدار میں آئے تو اسے پورا کرکے رہیں گے،نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی حکومت پر کرپشن کا کوئی سکینڈل نہیں،آپ کو فخر ہونا چاہئے،ہم نے میرٹ پر حکمرانی کی ہے،وفاقی حکومت کے تعاون کے بغیر پنجاب میں وہ کیا جو کسی نے نہیں کیا،نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دئیے،انہوں نے بتایا کہ ہمارے گھر میں 35سال سے خاتون کام کرتی ہے ہم اسے خالہ کہتے ہیں،اس نے مٹھائی لاکر مجھے بتایا کہ اس کی بیٹی کو بھی لیپ ٹاپ ملا ہے،یہ سفارش پر نہیں میرٹ پر ملے ہیں،حکمرانوں کی نظر میں سب برابر ہوتے ہیں،میرٹ کی حکمرانی ہونی چاہئے،اس سے یہ معاشرہ پھلے پھولے گا، ہم پر کرپشن کا کوئی سکینڈل آج ہے نہ پہلے سامنے آیا، ہماری حکومت آئی تو ’’میرا گھر سکیم‘‘ پھر شروع کریں گے،جو مشرف نے بند کردی تھی، غریبوں کو چھت دیں گے،یہ کوئی آپ پر احسان نہیں یہ آپ کا حق ہے،حکومت کا فرض ہے،ہم کراچی کی بدامنی کو ٹھیک کریں گے،پاکستان میں امن قائم کریں گے،سب نوجوان تیاری کریں میرا پکا ارادہ ہے نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے،کوئی ہنر جانتا ہے،کلینک،انجینئر،پلمبر ہے،کوئی غریب ہے،آج ڈگریوں والے دھکے کھاتے پھرتے ہیں،سوچو کیا کام کرسکتے ہو؟ آپ کو آسان شرائط پر خود قرضے جاری کریں گے،بنک اور برانچیں قائم ہوں گی اور قرضے جاری ہوں گے اور ان پر حکومت منافع وصول نہیں کرے گی،یوتھ کو ملک کی تعمیر نو کیلئے استعمال کریں گے،نوجوان کام میں لگ جائیں تو اللہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا،اسے آپ حکومتوں کو بدل سکتے ہیں آپ کو اختیار مل گیا ہے اس میں بھی مسلم لیگ(ن) اور نواز شریف کا خون پسینہ شامل ہے،ہم نے یہ مؤقف اپنایا،ہم نے جیلیں کاٹیں،نواز شریف کو کال کوٹھری میں دھکیل دیا گیا تھا،مجھے سات سال جلا وطنی میں دھکیل دیا گیا،میں یہ سال اس قوم کو دے سکتا تھا مجھے محروم کردیاگیا، ایٹم بم کا بٹن دبانے والے وزیراعظم کو ہتھکڑی لگائی گئی،ہم وہ ہیں جنہوں نے 14مہینے جیلوں میں گزارے،کوئی قوی جرم نہیں کیا ،یہ سزا مجھے کس جرم میں دی گئی، جرم یہی کیا تھا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،ملک میں موٹروے دی، میں اپنی ذات کیلئے ووٹ مانگنے نہیں آیا،آپ سے مجھے پیار ہے،میرا آپ سے محبت اور پیار کا رشتہ ہے،میں وزیراعظم رہ چکا ہوں،مجھے وزارت عظمیٰ کے منصب کی تمنا نہیں،صرف آپ کی خدمت کی تمنا ہے،خدا جانتا ہے مجھے اقتدار کی کوئی ہوس اور لالچ نہیں،مجھے پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے،آپ کی حالت بدلنے کی لالچ ہے،ملک سے بدامنی ختم کرنے کی لالچ ہے، مہنگائی کی کمر توڑنے،اندھیرے ختم کرنے کی لالچ ہے، شدت پسندی اور بدامنی ختم کرنے کی لالچ ہے،میں قوم کی بہتری چاہتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ آپ اس بات کو سمجھتے ہیں،میں نے بھی سرگودھا سے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہوئے ہیں،موقع ملا تو سرگودھا کے گلیوں،بازاروں اور دیہاتوں میں مزدوروں،کسانوں کے پاس رہ کر خدمت کروں گا، ہم اسلام آباد کے ایوانوں میں بیٹھنے والے نہیں،خدمت پر یقین رکھتے ہیں،جب نواز شریف کی حکومت تھی کوئی دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ نہیں تھی،کسانوں کے لئے ڈیزل اور کھاد اتنے مہنگے نہیں تھے،آٹا ،سبزیاں ،گھی ،مصالحہ جات ،دالیں ،گیس اوربجلی بھی سستی تھیٍ، آج بجلی نہیں آتی بل دوگنا آتا ہے،آج ملکی خودمختاری کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں،وعدہ کرتا ہوں اللہ نے موقع دیا تو دن رات محنت کریں گے،شہباز شریف نے مثال قائم کی ہے صبح چار بجے اٹھنا اور رات کو دو بجے سوتا تھاہماری حکومت آئی تو اسی طرح کام کریں گے اور قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔وفاقی حکومت نے مسلم لیگ نواز کی پنجاب حکومت کے ساتھ ماضی میں کوئی تعاون نہیں کیا مگر پھر بھی پنجاب حکومت نے ہمیشہ بہترین اقدامات کئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ جو لوگ خود کو نوجوان کہتے ہیں اور نوجوانوں کا نعرہ لگاتے ہیں وہ خود نوجوان نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کیلئے بہت کچھ کیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ضلع سرگودھا کے لوگوں پر اتنا مان ہے کہ میں اپنے کاغذات سرگودھا سے جمع کرائے ہیں اگر خدا نے مجھے کامیاب کیا تو تو لوگوں کے مسائل اسلام آباد نہیں سرگودھا مین بیٹھ کر خدمت کروں گا انہوں نے کہا کہ کہنے کو تو ہم ایٹمی قوت ہیں مگر بجلی کی سولہ سولہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ پریشان کن ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button