پاکستانتازہ ترین

انکوائری کمیشن کے فیصلے نے ہمیں سرخرو کردیا، وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں سب سے معتبر کمیشن نے انتخابات 2013ء کے شفاف ہونے کی تصدیق کردی، انکوائری کمیشن رپورٹ کے بعد پاکستان نئے دور میں داخل ہوگیا، ملکی ساکھ بہتر ہورہی ہے، مسائل سڑکوں، دھرنوں میں نہیں ایوانوں میں حل ہوں گے، اللہ کا شکر ہے ہم سرخرو ہوئے، اقتدار کی سیاست کے بجائے اقدار کی سیاست کا عہد کیا، انتخابات کے بعد جو کچھ ہوا اسے فراموش کررہے ہیں، بے مقصد تماشوں کیلئے ہمارے پاس وقت نہیں، عدم استحکام پیدا کرنیوالے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی، بہتان تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ انکوائری کمیشن نے انتخابات میں دھاندلی، الیکشن کے غیر قانونی ہونے، عوامی مینڈیٹ کے عکاس ہونے کے سوالات کے جواب دے دیئے، الیکشن 2013ء کو قانونی اور شفاف قرار دیئے گئے، انتخابات میں منظم دھاندلی ثابت نہیں کی جاسکی، عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے کا الزام بھی مسترد کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریری ضمانت دی تھی دھاندلی ثابت ہونے پر مستعفی ہوں گے، اللہ کا شکر ہے ہم سرخرو ہوئے، انتخابی عمل کو ہر لحاظ سے شفاف اور آزادانہ ہونا چاہئے، انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ کی کمیٹی کام کررہی ہے، اُمید ہے سیاسی جماعتیں اصلاحات کیلئے کردار ادا کریں گی، ہم نے ماضی کی کوتاہیوں کی تلافی بھی کرنی ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی بھی کرنی ہے، اب ہمارے پاس بے مقصد تماشوں کیلئے کوئی وقت نہیں، پاکستان کی عالمی ساکھ بہتر ہورہی ہے، 3 سال بعد کا پاکستان مستحکم اور توانا ہوگا، پاک فوج دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب میں مؤثر جنگ لڑرہی ہے جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ وہ بولے کہ آج ملک کے مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہیں، میں خود سیلاب کی صورتحال کی نگرانی کررہا ہوں، مسائل سڑکوں اور دھرنوں میں نہیں ایوانوں میں حل ہوں گے، بہتان تراشیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے فیصلے کے بعد پاکستان نئے دور میں داخل ہوگیا، انتخابات کے بعد جو کچھ ہوا ہم اسے فراموش کررہے ہیں، اقتدار کی سیاست کے بجائے اقدار کی سیاست کا عہد کیا، اُمید ہے ملک و قوم کا وقت برباد کرنیوالے سبق سیکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker