تازہ ترینعلاقائی

کراچی:امن وامان کی بحالی کیلئے،اہم فیصلے کرناپڑیں گے،نیئرحسین بخاری

کراچی﴿نمائندہ خصوصی﴾چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ کراچی میں امن وامان کی بحالی کے لئے سیاسی جماعتوں کو پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنا پڑیں گے ،جمہوری عمل ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔وہ جمعرات کو کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ز سعید غنی ،عاجز دھامرا ،ڈاکٹر کریم خواجہ ،ہری رام کشور لعل،متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹرز نسرین جلیل ،عبدالحسیب خان ،بیرسٹر فروغ نسیم ،مسلم لیگ ﴿فنکشنل﴾ کے سید مظفر حسین شاہ اورسینیٹر گل محمد لاٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی روشنی میں ہی ہمیں جمہوری عمل کو آگے بڑھانا ہے ۔انھوں نے کہا کہ کہ ملک کی ترقی کا انحصار ہی جمہوری اصولوں پر عملدرآمد کر کے ہے ۔چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری کے دوران اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز بھی ہمراہ ہیں اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ہی تمام ایشوز کو حل کر یں گے ۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنا ہوں گے اور امن ومان کی بحالی کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا ۔ملک میں آئندہ عام انتخابات اوربلدیاتی انتخابات کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں نیئر حسین بخاری نے کہا کہ یہ معاملہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی زمہ داری ہے امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ معاملات واضح ہو جائیں گے ۔سینیٹ میں اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جب سے پیپلز پارٹی کی حکومت آئی ہے اسٹینڈنگ کمیٹیاں مقررہ وقت میں ہی تشکیل دی گئی ہیں ماضی میں اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل میں ہی ڈیڑھ سال سے ہی زائد کا عرصہ لگ جاتا تھا ۔انھوں نے کہا کہ آئین کے مطابق نئی اسٹینڈنگ کمیٹیاں 2ماہ میں بن جائیں گی ۔قبل ازیں نو منتخب سینیٹ چیئرمین نیئر حسین بخاری نے مزار قائد پرحاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے ۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button