
ساؤتھمپٹن(نمائندہ سپورٹس)انگلینڈ نے واحد ٹی ٹوئنٹی میں بھی سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی۔ سری لنکا کا ایک سو اکتالیس رنز کا ہدف جوزبٹلر نے ناقابل شکست تہتر رنز کی بدولت دو وکٹیں کھوکر حاصل کرلیا۔ میزبان انگلینڈ نے سپرسیریز چار کے مقابلے میں بیس پوائنٹس سے جیت لی۔ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی بھی آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔ سری لنکن ٹیم ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے آخری گیند پر ایک سوچالیس رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ گوناتلاکے چھبیس ،چندی مل تئیس اورکوسل مینڈس اکیس رنز بناسکے۔ انگلینڈ کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے لیام ڈاسن اور کرس جورڈن نے تین تین اور لیام پلنکٹ نے دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔جوابی اننگ میں انگلینڈ کے جیسن روئے صفر اورجیمس ونس سولہ رنزبناکر آؤٹ ہوئے لیکن جوز بٹلر اورکپتان اوون مورگن نے ایک سوچودہ رنز کی فتح گرشراکت کے ذریعے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں کی فتح سے ہمکنارکردیا۔ جوزبٹلر اننچاس بالز تین چوکوں اور چار چھکوں سے سجے تہتر رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ مورگن نےانتالیس گیندوں پر سینتالیس رنز بنائے۔پوائنٹس کی بنیاد پر کھیلی گئی پہلی سیریز میں انگلینڈ نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سمیت نو میچز میں چھ جیتے، ایک ڈرا، ایک ٹائی اور ایک نامکمل رہا۔ انگلینڈ بیس اور سری لنکا صرف چار پوائنٹ حاصل کرسکا۔